عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کےلئے حج فلائٹ آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سےشروع ہوگا

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کےلئے حج فلائٹ آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سےشروع ہوگا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کیلئے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا،پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ پہنچیں گی۔ 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی،فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہونگے ۔اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہونگے،کراچی سے 02 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے،

لاہور سے 03 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر روانہ ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ ملتان سے دو پروازوں کے ذریعے 329 عازم کرام سفر حج کا آغاز کریں گے،سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمین کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے،کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو روانہ ہو گی۔سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی،259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو اختتام پذیر ہو گاجبکہ 20 جون کو پہلی پرواز حجاج کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔واضح رہے کہ رواں سال اسلام آباد اورکراچی کے ہوائی اڈوں سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت پاکستانی عازمین کی ان ہوائی اڈوں پر ہی سعودی امیگریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ سرکاری سکیم کے تحت 67ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More