ذہنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا اور مریضوں کو ضروری علاج فراہم کرنا قوم اور انسانیت کی خدمت ہے، احسن ظفر بختاوری

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کے مسائل کو حل کرنا انتہائی ضروری ہے، ہمیں ان مسائل میں مبتلا افراد تک پہنچ کر انہیں مطلوبہ معلومات اور وسائل فراہم کرنا ہوں گے، ذہنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا اور مریضوں کو ضروری علاج فراہم کرنا قوم اور انسانیت کی خدمت ہے۔

گزشتہ روز چیمبر ہاؤس میں منعقدہ سیمینار بعنوان ”مالی رکاوٹوں کے دور میں ذہنی صحت کی دیکھ بھال“سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے اہم مسائل پر آگاہی سیشن ہمیشہ مریضوں کے لئے سود مند ثابت ہوتے ہیں تاکہ وہ ذہنی تناؤ سے باہر نکل سکیں اور اس طرح وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ پیش پیش ہے اور مریضوں کی بھلائی کے لئے مستقبل میں بھی ایسے کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عزیرہ رفیق نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے فطرت، اقدار اور خاندانوں کے ساتھ رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہر عمل دوسروں پر تھوڑا سا مثبت یا منفی اثر ڈالتا ہے ۔ ڈاکٹر عزیرہ رفیق نے سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کے لئے آئی سی سی آئی کے ساتھ طلباکے روابط کے لئے اسلام آبا چیمبر آف کامرس کی کوششوں کی تعریف کی۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر قابو پانے کے لئے مشترکہ خاندانی نظام کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے معاشی چیلنجز کو تمام مسائل کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجر برادری سمیت ہر فرد کو سہولت فراہم کرے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی روزی کما سکیں۔

سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی زبیر ملک نے آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری کی جانب سے اس مسئلہ پر سیمینار کرنے پر انہیں سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیمبر مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہے گا۔

ماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر جویریہ اظہر اور ماہر نفسیات زوبیہ زبیر، ماہر نفسیات ثوبیہ خطیب اور فاطمہ حسن نے اپنی پریزنٹیشنز میں دماغی صحت کی رکاوٹوں کی بنیادی وجوہات بیان کیں اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے قیمتی تجاویز شیئر کیں۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض صدف عاصم عباسی نے سر انجام دیئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More