شام کے اعلیٰ تعلیمی وفد کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):شام کے آٹھ رکنی وفد نے نائب وزیر تعلیم رامی وحید الضلی کی قیادت میں گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ پاکستان میں تعینات شام کے سفیر رمیز آلرائی بھی وفد کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر مہمان خصوصی نائب وزیر تعلیم رامی وحید الضلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی تعلقات کے فروغ میں عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی ماہرین کوایک دوسرے کے ساتھ علمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اساتذہ کی تحقیق اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں اور ایسے رستے تلاش کریں کہ فاصلاتی نظام تعلیم سے شامی طلبہ بھی مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تھیسز جائزہ اور وظائف کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، ہماری تاریخ و ثقافت ایک دوسرے سے کافی مشترک ہیں، شامی لوگ پاکستانیوں سے بہت انسیت رکھتے ہیں۔

وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن نیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے وفد سے خطاب میں کہا کہ شام کی جامعات سے تعلقات کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے، باہمی اشتراک سے دونوں ممالک کو تعلیم و تحقیق کے میدان میں موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے لئے جامعات کے مابین روابط ضروری ہے،ہم قومی و بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعلیمی روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ آن لائن فیکلٹی لیکچرز، سیمینار، کانفرنسز، ریسرچ پراجیکٹس، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلہ پروگرام کے میدان میں اشتراک کر سکتے ہیں۔

شامی وفد کے ہمراہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ امور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے معززین بھی شامل تھے۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز و پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد شام کے وفد نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی لائبریری سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More