ایکس پر پوسٹس کے لائیکس کو کیوں خفیہ کردیا گیا؟ اہم وجہ سامنے آگئی

سچ ٹی وی  |  Jun 14, 2024

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر پوسٹس کے لائیکس کو خفیہ کردیا گیا، اب کوئی بھی صارف دوسرے صارف کے لائیکس کو نہیں دیکھ پائیں گے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایکس پر 12 جون سے لائیکس کو پوشیدہ رکھنے کا آغاز کیا گیا اور صارفین کو پوپ اپ نوٹیفکیشن کے ذریعے بھی نئی تبدیلی سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

فوری طور پر تمام صارفین کی نظروں سے لائیکس کا بٹن غائب نہیں ہوا، تاہم ترتیب وار تمام صارفین دوسرے صارف کی پوسٹ پر لائیکس کا بٹن دیکھنے سے محروم ہوجائیں گے۔

فیچر کے تحت صرف پوسٹ کرنے والے کو ہی اپنے لائیکس نظر آئیں گے، تاہم دوسرے صارفین یہ دیکھنے سے قاصر ہوں گے کہ پوسٹ پر کتنے لائیکس آئے۔

کمپنی کے مطابق نئی تبدیلی پرائیویسی کے تحت کی گئی ہے اور ایکس پر اسی طرح کی مزید تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔

لائیکس کے بٹن کو پوشیدہ رکھنے کے آغاز پر ایکس کے صارفین نے تعجب کا اظہار کیا جب کہ ساتھ ہی یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جانے لگا کہ مستقبل میں ری ٹوئٹ اور پوسٹ دیکھنے کے فیچر کو بھی محدود یا خفیہ کردیا جائے گا یا انہیں ماہانہ فیس سے جوڑ دیا جائے گا۔

ایکس پر متعدد تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، گزشتہ ماہ مئی میں ہی پلیٹ فارم کا نام اور یو آر ایل تبدیل کرکے مکمل طور پر اسے ایکس ڈاٹ کام کردیا گیا تھا، اس سے قبل یہ ٹوئٹر ڈاٹ کام ہوا کرتا تھا۔

اسی طرح ایلون مسک کی جانب سے پلیٹ فارم کو خریدے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی جا چکی ہیں اور اس میں مزید تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More