سی پیک کے حوالے سے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں: اسحاق ڈار

اردو نیوز  |  Jun 21, 2024

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو ملک کی تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان میں ترقی اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔

اجلاس میں چینی وزیر لیو جیان چاؤ بھی اپنے وفد کے ساتھ شریک ہوئے۔

اسحاق ڈار نے وزیراعظم اور اپنے حالیہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت لیو جیان چاؤ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔

ان  کے مطابق ’ہمیں خوشی ہے کہ انہوں نے دعوت کو قبول کیا، چینی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیر کی آمد باہمی اعتماد میں اضافے کی عکاس ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ سی پیک کے تحت توانائی اور دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی اور اب بھی کی جا رہی ہے۔

ان کے مطابق ’سی پیک کے معاملے پر تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔‘

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی مزید مستحکم ہوئی۔

اس موقع پر چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے مشترکہ مشاورتی میکنزم اجلاس کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ چین کی لیڈرشپ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو بہت اہمیت دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہم دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More