’شاید ورلڈ کپ جیتنا وطن واپسی سے زیادہ آسان تھا‘: طوفان میں پھنسی انڈین کرکٹ ٹیم آخر کار نئی دہلی پہنچ گئی

بی بی سی اردو  |  Jul 04, 2024

Getty Images

ٹیم انڈیا نے سنیچر کو جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں ٹی20 کا ورلڈ کپ جیت لیا تھا لیکن ورلڈ چیمپیئن بننے والے کرکٹرز کی جھلک دیکھنے کے لیے انڈیا میں موجود فینز کو پانچ دن کا طویل انتظار کرنا پڑا۔

پانچ دن کی تاخیر کے بعد بالآخر انڈیا کی کرکٹ ٹیم جمعرات کو اپنے ملک واپس پہنچ گئی ہے جہاں ان کے پرستاروں نے ان کا نئی دہلی ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تو اتوار کے روز ہی بارباڈوس کی سرزمین چھوڑ دی تھی اور ان کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں شامل امپائرز اور کمینٹیٹرز بھی اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے لیکن طوفان کے باعث انڈین ٹیم کی پرواز منسوخ کر دی گئی تھی۔

ایک سپورٹس صحافی نے لکھا تھا کہ شاید کپ جیتنا وطن واپسی سے زیادہ آسان تھا کیونکہ تاخیر پر تاخیر ہوتی جا رہی ہے۔

ٹی20 ورلڈ چیمپیئن بننے والی ٹیم کے انڈیا پہنچنے میں تاخیر کے سبب ملک میں لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی تھی، لیکن بالآخر انڈین کرکٹرز نے اپنے ملک واپس پہنچ کر ان کی بے چینی کو ختم کردیا۔

منگل کے روز بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹیم کی واپسی میں تاخیر کا سبب بتاتے ہوئے کہا تھا کہ تین دن سے بارباڈوس میں طوفان کی وجہ سے پھنسی ٹیم کو بدھ کی شام دہلی پہنچنا تھا۔

https://twitter.com/BCCI/status/1808666655045587254

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ایئر انڈیا کی ایک خصوصی چارٹرڈ پرواز اے آئی سی 24 ڈبلیو سی یعنی ایئر انڈیا چیمپیئنز 24 ورلڈ کپ فاتح انڈین سکواڈ، ٹیم کے معاون عملے، کھلاڑیوں کے اہلخانہ، بورڈ کے کچھ عہدیداروں اور میڈیا کے نمائندوں کو بارباڈوس سے واپس انڈیا لائی۔

بارباڈوس میں پھنسے کھلاڑیوں میں وہ کرکٹرز بھی شامل تھے جنھیں زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز میں شرکت کرنی ہے۔

ان کھلاڑیوں میں سنجو سیمسن، یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ اور خلیل احمد شامل تھے۔

انڈیا پہنچنے کے بعد یہ چاروں کھلاڑی اب جمعرات کی شام ہی دہلی سے ہرارے کے لیے فلائٹ لیں گے، جہاں شبھمن گل اور ان کے ساتھی پہلے ہی پہنچ چکے ہیں اور ان کے منتظر ہیں کیونکہ ان کے میچز 6 جولائی سے شروع ہو رہے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق اس تاخیر کی وجہ سے یہ کھلاڑی بظاہر ابتدائی میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیےوراٹ کوہلی اور روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان: ’وہ اس شاندار الوداع کے مستحق ہیں‘روہت، وراٹ اور جڈیجہ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں انڈیا کا نیا کپتان کون ہو گا؟’مبارک ہو، ورلڈ کپ ہوا ہے‘: سمیع چوہدری کی تحریر

ٹیم انڈیا کی واپسی کے بعد فینز کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا اور ان کی جانب سے ورلڈ چیمپیئن بننے والے کھلاڑیوں کے بھرپور استقبال کی تیاریاں بھی جا رہی ہیں۔

https://twitter.com/Anita_meena2/status/1808677240613314927

میچ کے بعد ٹیم انڈیا نے چار گھنٹے میدان میں ہی گزارے

سنیچر کے روز ٹیم انڈیا نے میچ جیتنے کے بعد ٹرافی لینے، فوٹو گرافی اور انٹرویوز دینے میں کوئی چار گھنٹے میدان میں ہی گزارے۔

سمندری طوفان کے بعد ان کا پروگرام منگل کو ایک چارٹرڈ طیارے سے پرواز کا تھا اور بدھ کی شام انھیں دارالحکومت دہلی پہنچنا تھا۔ رات کو ٹیم کا قیام ہوٹل میں تھا اور پھر صبح کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات متوقع تھی کیونکہ گذشتہ سال 19 نومبر کو جب ٹیم انڈیا احمدآباد کے مودی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے ورلڈ کپ میں شکست سے دو چار ہوئی تھی تو وزیر اعظم مودی انھیں ڈھارس دینے کے لیے ڈریسنگ روم میں گئے تھے۔

بارباڈوس میں پھنسے انڈین کھلاڑیوں نے کیا کیا؟

کھیلوں کے صحافی ومل کمار نے برج ٹاؤن سے بتایا کہ سوموار کی رات ٹیم انڈیا کے لیےخصوصی ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تمام کھلاڑیوں نے اپنے خاندانوں کے ساتھ شرکت کی اور انھوں نے بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے۔

انھوں نے بتایا کہ اس دوران ورات کوہلی سب سے زیادہ خوش نظر آ رہے تھے اور ان سے ملاقات کے دوران وہ کافی دیر تک مزاحیہ انداز میں ان سے باتیں کرتے رہے۔

’ایسا لگتا ہے جیسے کوہلی پر سے پتھر جیسا وزن اٹھا لیا گیا ہو۔‘

انھوں نے بتایا کہ روہت شرما کوہلی کی طرح خوش نظر نہیں آ رہے تھے اور شاید اس کی وجہ اطمینان بھی ہو اور دوسرے خوابوں کو پورا کرنے کا خیال بھی ہو۔

انھوں نے کہا کہ ’روہت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ انھوں نے اگلے مشن کی تیاری ابھی سے شروع کر دی ہے۔‘

اس سے قبل اتوار کو کوچ ڈراوڑ، کپتان روہت شرما اور سوریہ کمار یادو کے ساتھ کلدیپ یادو نے کئی گھنٹے ساحل پر گزارے۔

ومل کمار نے ایکس پر لکھا کہ ’شاید ورلڈ کپ جیتنا وطن واپسی سے زیادہ آسان تھا۔ اس وقت تک ٹیم کو دہلی کے لیے چارٹرڈ فلائٹ میں ہونا تھا لیکن اس میں مزید تاخیر ہوئی۔ اچھی بات یہ ہے کہ زیادہ تر کھلاڑی اپنے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور بارباڈوس اور ٹیم ہوٹل معیاری وقت گزارنے کے لیے بہترین جگہوں میں سے ایک ہے۔‘

سوشل میڈیا پر اظہار تشکر

انڈین ٹیم کی آمد میں تاخیر پر شوسل میڈیا پر طرح طرح کی باتیں ہو رہی تھیں۔ مفددل ووہرا نے ایکس پر لکھا کہ ’ٹیم انڈیا کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد وہ کھلی جیپ میں ممبئی میں ٹرافی لے کر نکلیں گے۔‘

بہت سے صحافیوں نے بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے بارباڈوس میں پھنسے انڈین صحافیوں کو بھی چارٹرڈ طیارے میں جگہ دی۔

صحافی تپس بھٹاچاریہ نے لکھا کہ ’آپ کا بہت بہت شکریہ بی سی سی آئی اور جے شاہ۔ سمندری طوفان میں پھنسے صحافیوں کے لیے بارباڈوس سے دہلی کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کرنے کے لیے آپ کا ایک ٹن شکریہ۔‘

ان کے جواب میں کئی صارفین نے لکھا کہ پورا ملک آپ لوگوں کے استقبال کا منتظر ہے۔

انجری کا وقفہ، بمرا کا شاندار اوور، سوریا کمار یادو کا عمدہ کیچ: انڈیا نے شکست کے دہانے سے فتح کیسے حاصل کی؟انڈیا ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں: ’انڈیا نے 2022 کے سیمی فائنل کا بہترین بدلہ لے لیا‘وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان: ’وہ اس شاندار الوداع کے مستحق ہیں‘’مبارک ہو، ورلڈ کپ ہوا ہے‘: سمیع چوہدری کی تحریر
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More