لندن: عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل، لیبر پارٹی کی کامیابی کا امکان

ہم نیوز  |  Jul 05, 2024

لندن: برطانیہ میں عام انتخابات کی ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکمران جماعت کو بڑا جھٹکا جبکہ لیبر پارٹی کو تاریخی کامیابی ملنے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہا۔ برطانوی پارلیمنٹ کی ساڑھے 6 سو نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے 4 ہزار 515 امیدواروں نے حصہ لیا۔

عام انتخابات میں 464 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں نظر آئے۔ برطانیہ میں 40 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جن پر تقریباً 5 کروڑ ووٹرز نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویلز: سیاستدانوں کے جھوٹ بولنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ

ایگزٹ پولز کے مطابق لیبر پارٹی کو 410 اور حکمران جماعت کنزرویٹو کو 131 نشستوں پر کامیابی ملنے کی توقع ہے۔ لب ڈیم کو 61، ریفارمز کو 13، ایس این پی کو 10، گرین پارٹی کو 2 اور دیگر کو 23 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب عام انتخابات میں ممکنہ کامیابی پر لیبر پارٹی کے لیڈر سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز سے اظہار تشکر کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے مہم چلانے اور ووٹ دینے والوں کا شکرگزار ہوں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More