بنگلہ دیش: محمد یونس کی چھ ماہ قید کی سزا کے خلاف اپیل منظور، بری ہوگئے  

اردو نیوز  |  Aug 07, 2024

بنگلہ دیش کی مقامی لیبر کورٹ نے نوبل انعام یافتہ بینکر محمد یونس کی چھ ماہ قید کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ان کو بری کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عبوری حکومت سنبھالنے سے ایک روز قبل مقامی عدالت نے محمد یونس کو بری کر دیا۔

اے ایف پی کے مطابق محمد یونس کے وکیل خواجہ تنویر نے کہا کہ عدالت نے روٓاں سال کےشروع میں یونس کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

’تاہم بدھ کو عدالت نے سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ان کو بری کر دیا۔‘

قبل ازیں وطن روانگی سے قبل متوقع عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے شہریوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اس موقع کو ملکی تعمیر کے لیے بروئے کار لائیں۔

محمد یونس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’میں نہایت دلسوزی سے ہر ایک سے کہتا ہوں کہ پُرسکون رہیں۔ ہر قسم کے تشدد سے دور رہیں۔ صبر کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں۔ اگر ہم نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ہر شے تباہ ہو جائے گی۔‘

ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد یونس جمعرات کی دوپہر اپنے ملک واپس پہنچیں گے۔

’یونس سینٹر‘ کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد یونس جمعرات کو دن سوا دو بجے ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ وہ امارات ایئرلائنز کی فلائٹ سے براستہ دبئی اپنے وطن پہنچیں گے۔ ‘

بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیر کو شیخ حسینہ واجد کے بطور وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے۔

بدھ کی صبح بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کے رہنما ناہید الاسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ عبوری حکومت کی انتظامیہ اگلے 24 گھنٹوں میں حلف اُٹھائے گی۔

ادھر بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ اکتوبر 2020 سے اس عہدے پر تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More