جنوبی امریکی ریاست کینٹکی میں ایک ہائی وے پر 5 افراد گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ واقعے میں ملوث ملزم کی تلاش جاری ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کینٹکی کے علاقے لندن کے میئر رینڈل ویڈل نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کے علاوہ اس کے نتیجے میں ہونے والے کار حادثے میں بھی کئی لوگ زخمی ہوگئے۔
انہوں نے لوئس ول کورئیر جرنل کو بتایا کہ شوٹنگ بے ترتیب نہیں لگ رہی تھی، جبکہ ایک ریڈیو میزبان نے اطلاع دی کہ یہ واقعہ دو کاروں کیے درمیان جھگڑے کے باعث پیش آیا۔
رینڈل ویڈل نے بتایا کہ مشتبہ شوٹر نے ہائی وے سے دور جنگل والے علاقے سے انٹراسٹیٹ 75 پر فائرنگ کی۔
حکام 32 سالہ جوزف کاؤچ کو تلاش کر رہے ہیں جسے شوٹنگ میں ملوث شخص تصور کیا جارہا ہے۔
شیرف کے دفتر کے ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص کو مسلح اور خطرناک سمجھیں اور اس کے قریب جانے کی کوشش نہ کریں۔
کینٹکی اسٹیٹ پولیس کے ترجمان اسکوٹی پیننگٹن نے فیس بک پر پوسٹ کیا کہ ہم لوگوں کو اندر رہنے کی تاکید کر رہے ہیں، بعد میں انہوں نے لوئس ول کورئیر جرنل کو بتایا کہ ہمیں کوئی سراغ نہیں ہے کہ (مشتبہ) شخص کہاں ہے۔
ہفتے کا یہ واقعہ جارجیا کے ایک اسکول میں فائرنگ سے دو طالب علموں اور دو اساتذہ کے ہلاک ہونے کے بعد پیش آیا ہے۔
اس واقعے مین ایک 14 سالہ لڑکے پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے جب کہ اس کے والد، جس نے مبینہ طور پر اس کے لیے بندوق تحفے کے طور پر خریدی تھی، پر غیر ارادی قتل اور دوسرے درجے کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔