پنجاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوتے ہی مریم نواز اور ان کی ٹیم فوراً کرایوں میں کمی کے لیے سرگرم ہو جاتی ہیں۔ مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ عوام کو اس کمی کا براہ راست فائدہ پہنچے اور کرایوں میں لازمی کمی ہو۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جہاں پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی جاتی ہے اور مسافروں کو اضافی وصول کردہ کرایہ واپس کیا جاتا ہے۔ دوسرے صوبوں میں ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی ہدایات پر فوری طور پر کرایوں میں کمی کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بس اڈوں پر جا کر کرایوں کے شیڈول کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز خود اس سارے عمل کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔