خبر اور وہ بھی اندر کی۔۔۔ آلودگی اب بے تحاشا ہوچکی، اجمل جامی کا کالم

اردو نیوز  |  Sep 24, 2024

سرکار نے عدلیہ سے یا ججز نے سرکار کے ساتھ ٹھان رکھی ہے، یہ کوئی خبر نہیں رہی، سامنے کی بات ہے۔ ججز کے اختلافی نوٹ، ججز کا اکثریتی فیصلہ اور پھر جسٹس منصور علی شاہ کا تین صفحات پر مبنی خط۔ اب تو کہانی ڈھکی چھپی نہیں رہی، لیکن اس تناؤ سے برآمد کیا ہوگا؟ خیر کا پہلو تو بہر طور دکھائی نہیں دے رہا۔ بلاول بھٹو البتہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا علم لیے بارز سے خطاب کر رہے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ ججز اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہیں، آئینی عدالت ضروری ہے مجبوری ہے۔

کچھ حکومتی رہنما رات کے اندھیروں میں ڈھکے چھکے انداز میں حالات کی انتہائی تاریک منظر کشی کرتے ہوئے ایمرجنسی تک کا نام لے دیتے ہیں۔ خیال ہے کہ یہ محض دھمکی ہی معلوم ہوتی ہے کیونکہ ایسی ساکھ کے ساتھ، ترامیم پاس کروانے میں اٹھائی ہزیمت کے ساتھ، اقتصادی ابتری کے ساتھ اور بیانیے کی عدم دستیابی کے ساتھ غالباً پھر یہی ایک دھمکی باقی بچتی ہے۔  چھ ججز کے خط کے بعد سے لے کر آج تک پیدا ہوئی صورت حال کے ہنگام خاکسار کی جانکاری ہے کہ اکتوبر چڑھتے ہی کچھ استعفے بھی سامنے آسکتے ہیں۔ یہ واک اوور ہوگا، عدم اعتماد یا پھر کمزوری، وقت ہی تعین کرے گا۔سنگجانی جلسے میں گنڈاپور سرکار کی نو بال ہوئی تو  پھر وہ لاہور بارات لے کر آنے کا پلان رکھتے تھے، گنڈاپور اڈیالہ اور نظام کے بیچ ایک ربط ہیں، لہٰذا فوراً معاملہ فہمی کی جانب رجوع کیا گیا۔یہی وجہ ہے کہ لاہور میں جلسہ تو ہوا لیکن گنڈاپور اول تو پہنچے ہی تاخیر سے اور پھر  انتہائی مختصر خطاب کر کے چلتے بنے، نو مئی کے بعد لاہور میں تحریک انصاف کا جلسہ برپا ہونا بذات خود ایک بہت اہم پیش رفت تھی۔جلسہ کیسا ہوا کیوں ہوا، یہ کہانی بے معنی ہے۔ حکومت کے ہاں البتہ جلسہ ہی موضوع بحث رہا۔ یہی جلسے کی کامیابی کے لیے کافی تھا۔خیال ہے کہ فی الفور فریقین کے بیچ برف پگھلنے کا کوئی امکان نہیں، البتہ کہیں بنیادی نوعیت کے معاملات پر کچھ ربطِ باہمی کی شنید ہے۔ثبوت اس امر کا اعظم سواتی کے لیے صبح جیل کھلنا، جلسہ ملتوی ہونا، نئے جلسے کا این او سی ملنا، گنڈاپور کی چائے اور پیٹیز سے تواضع ہونا، پھر لاہور جلسے کی اجازت ملنا اور گنڈاپور کا اس جلسے میں سنگجانی میں ہوئی نو بال پر مبنی تقریر سے گریز کرنا ہے۔ 

چیلنجز سے بھرپور سیاسی و غیر سیاسی منظرنامہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا باہیں کھول کر سواگت کر رہا ہے (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)

مزید ثبوت ان کا آج ہی پروٹوکول کے ساتھ اڈیالہ پہنچنا بھی ہے۔ اس مدعے پر جانکاری صرف اتنی ہی کافی رہے گی کہ قطرے کی صورت میں بنیادی نوعیت کا ربط بہرحال پایا جاتا ہے۔شہباز شریف امریکہ جانے سے پہلے نواز شریف سے ملے، اطلاع ملی کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا اور میاں صاحب کی رائے لی گئی۔مقتدر حلقے ایک عرصے سے اس عہدے پر تبدیلی کی تردید کر رہے تھے، مقتدرہ کے قریبی صحافتی حلقے بھی وثوق کے ساتھ تردید پر تردید نشر کر رہے تھے، لیکن اسی خاکسار نے کئی دن پہلے خبر تھی کہ تبدیلی ہو رہی ہے اور جلد ہونے کو ہے۔وہی ہوا۔ ندیم انجم صاحب کی جگہ عاصم ملک صاحب تعینات ہوچکے۔ اطلاع ہے کہ یہ تعیناتی سپہ سالار کی چوائس ہے۔ سیاسی اور غیر سیاسی عناصر کو اس مدعے پر ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔ معلوم ہوتا ہے کہ یہ تعیناتی پالیسیوں کے تسلسل کا پیغام ہے۔  چیلنجز سے بھرپور سیاسی و غیر سیاسی منظرنامہ نئے ڈی جی کا باہیں کھول کر سواگت کر رہا ہے۔ امید ہے وہ کسی پریس کانفرنس میں دکھائی نہیں دیں گے اور ادارے کی ساکھ بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔منظرنامے میں پھر امریکی سفیر دکھائی دیتے ہیں، جو حالیہ چند ماہ کے دوران بڑے میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی کے ساتھ دو چار ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ 

گنڈاپور اڈیالہ اور نظام کے بیچ ایک ربط ہیں، لہٰذا فوراً معاملہ فہمی کی جانب رجوع کیا گیا (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)

امریکی سفیر کی میاں صاحب کے ہاں آنیاں جانیاں دیکھ کر بے اختیار منہ سے نکلا کہ سفیر موصوف کیا محض موسم کی صورت حال پر چرچا کر نے گئے تھے؟  کیا وہاں لاہور کے مشہور کھابوں کا ذکرِ خیر تھا؟ رائے ونڈ کی روایتی مہمان نوازی پر گفتگو ہو رہی تھی؟ غلام رسول کے مشہور چھولوں کی ریسیپی شیئر کی جا رہی تھی یا کسی شب دیگ کا ذکر تھا؟ آپ کا کیا خیال ہے عمران خان کے بارے میں گفتگو نہ ہوئی ہوگی؟اسلام آباد کے چند سفارتی حلقوں میں دعا سلام ہوئی تو معلوم ہوا کہ جب عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر پابندی کی پریس کانفرنس کی تھی تو یہی حلقے سرگرم ہوئے، سرکار کو اپنے پلان سے پیچھے ہٹنا پڑا۔اب اطلاع ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل پر بھی انہی حلقوں کے ہاں تحفظات پائے جاتے ہیں۔ چند ایک ایسی محافل میں حکومتی ذمہ داران کی موجودگی میں کچھ ایسا ہی سنا تو یہ تاثر آپ کی نذر کرنے کی جسارت کی۔رہی بات انجام کی، تو صاحب! بظاہر تسلسل ہے، ڈیڈلاک ہے، لیکن بگڑتی اندرونی صورت حال اور پھر بین الاقوامی دباؤ کے بیچ کہیں کہیں ہلکے پھلکے گلاب کے قطرے بہرحال ترونکے جا رہے ہیں۔ تاحال یہ قطرے فضا معطر کرنے سے قاصر ہیں کہ آلودگی اب بے تحاشا ہوچکی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More