پانچ دہائیوں تک سزائے موت کا انتظار کرنے والا قیدی جسے عدالت نے بری کر دیا

اردو نیوز  |  Sep 26, 2024

جاپان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں پانچ دہائیوں سے سزائے موت کے منتظر ملزم کو عدالت نے بری کر دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دنیا میں سب سے لمبے عرصے تک سزائے موت کا انتظار کرنے والے ایواو ہاکاماتا کو عدالت نے بے قصور قرار دے دیا۔

جاپانی عدالت نے جمعرات کو 1968 میں فیملی کو قتل کرنے کے جھوٹے الزام میں سزائے موت پانے والے 88 برس کے ہاکاماتا کو بری کر دیا۔

مقامی براڈکاسٹر کے مطابق ضلع شِیزُوکا کی عدالت کی جج کونِی شونیشی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جن خون آلود کپڑوں کے ذریعے ایواو ہاکاماتا کو قتل کے کیس میں پھنسایا گیا تھا، وہ سب پلانٹڈ کارروائی تھی۔

جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’خود آلود کپڑوں کو تفتیشی حکام نے واقعے کے بعد اپنے قبضے میں لیا اور ٹینک میں چھپا دیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مسٹر ہاکاماتا کو اس بنا پر مجرم نہیں قرار دیا جا سکتا۔‘

ہاکاماتا ایک پروفیشنل باکسر تھے جو 1961 میں ریٹائر ہونے کے بعد وسطی جاپان کے شہر شِیزُوکا میں سوئے بین کے پلانٹ میں ملازمت کرنے چلے گئے۔

جب ہاکاماتا کے باس، باس کی اہلیہ اور اُن کے دو بچوں کو پانچ سال بعد اُن ہی گھر میں چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا تو پولیس نے شک کی بنیاد پر ہاکاماتا کو گرفتار کر لیا۔

کئی دنوں کی بے رحم تفتیش کے بعد ہاکاماتا نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تصدیق کی تاہم بعد میں انہوں نے کیس دائر کیا کہ پولیس نے اس پر تشدد کر کے اور دھمکیاں دے کر اعتراف جرم کروایا تھا۔

انہیں تین میں سے دو ججوں نے سزائے موت سنا دی تاہم ایک جج نے بار سے اس وجہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا کہ وہ ہاکاماتا کو سزائے موت سے نہ بچا سکے۔

ہاکاماتا پانچ دہائیوں تک سزائے موت کا انتظار کرتے رہے تاہم کپڑوں پر لگے ڈی این اے ٹیسٹ سے یہ ثابت ہوا کہ قتل کا تعلق ہاکاماتا سے نہیں ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More