لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر سردار سکندر حیات خان انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور بینظیر بھٹو کے قابل اعتماد ساتھی سردار سکند حیات خان لاہور کے نواحی شہر رائیونڈ میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ 27 ویمن ہاؤسنگ سوسائٹی رائیونڈ روڈ پر ادا کی گئی۔ جبکہ تدفین میانی صاحب قبرستان میں ہوئی۔
سکندر حیات خان کا نام ان کے دادا سر سکندر حیات خان کے نام پر رکھا گیا تھا۔ جن کا شمار بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قابل اعتماد ساتھیوں میں سے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی ، علی امین گنڈاپور اور اعظم سواتی پر ایک اور مقدمہ درج
1942 میں سر سکندر حیات خان کی وفات پر قائد اعظم نے کہا تھا کہ آج میں آدھا رہ گیا ہوں۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے سردار شوکت حیات نے سیاسی گدی سنبھالی تو اپنے والد محترم کی طرح قائد اعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے نواب آف بہاولپور کو اپنے ذاتی تعلق دوستی کی بنا پر نہ صرف پاکستان کی حمایت پر آمادہ کیا۔ بلکہ قیام پاکستان کے بعد مشکل حالات میں نہ صرف خود پاکستان کی مالی مدد کی۔ بلکہ نواب آف بہاولپور سمیت اپنے تمام دوستوں سے بھی خطیر مالی معاونت کر کے اس ملک کو مضبوط کیا۔