آئرلینڈ اور جنوبی افریقا کے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی کوچ جے پی ڈومنی فیلڈنگ کرنے میدان میں آگئے انہیں دیکھ کر شائقین حیران ہوگئے۔
گزشتہ روز ابوظہبی میں جنوبی افریقا اور آئرلینڈ کے درمیان 3 میچز کی سیریز کے آخری ون ڈے میں جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر اور موجودہ بیٹنگ کوچ جین پال ڈومنی نے اپنی ٹیم کے لیے فیلڈنگ کی۔
جولائی 2019 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے ڈومنی آئرلینڈ کی اننگز کے آخری اوورز میں متبادل فیلڈر کے طور پر فیلڈنگ کرنے آئے۔
40 سالہ جنوبی افریقی کوچ نے نہ صرف فیلڈنگ کی بلکہ شارٹ تھرڈ مین پر ڈائیو لگا کر باؤنڈری بھی بچائی، 5 سال قبل ریٹائر ہونے کے باوجود کمنٹیٹرز کی جانب سے ان کی شاندار فیلڈنگ کی تعریف کی گئی۔
کوچ ہی فیلڈنگ کرنے کیوں آئے؟ دراصل ہوا کچھ یوں کہ ابوظہبی میں شدید گرمی اور سخت پلیئنگ کنڈیشنز کی وجہ سے کئی جنوبی افریقی کھلاڑی آئرلینڈ کی اننگز کے دوران میدان سے باہر چلے گئے۔
کپتان ٹمبا باوما پہلے ہی انجری کی وجہ سے میچ نہیں کھیل رہے تھے جبکہ آل راؤنڈر ویان مولڈر بھی نجی معاملات کی وجہ سے واپس وطن روانہ ہوگئے تھے۔
جنوبی افریقا کے پاس کھلاڑیوں کی کمی تھی، جس کی وجہ سے ڈومنی کو متبادل کھلاڑی کے طور پر فیلڈنگ کرنے آنا پڑا۔
واضح رہے کہ قوانین کے مطابق انجری یا کسی اور وجہ سے کھلاڑیوں کی کمی کی صورت میں کوچز یا ٹیم منیجمنٹ کے ارکان متبادل کے طور پر میدان میں فیلڈنگ کرنے آسکتے ہیں۔
میچ کی بات کریں تو آئرلینڈ نے جنوبی افریقا کو سیریز کے آخری ون ڈے میں 69 رنز سے شکست دی، البتہ جنوبی افریقا نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔