بھارتی صنعتکار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں آج سرکاری یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور تمام تفریحی پروگرامز منسوخ کر دیے جائیں گے۔ رتن ٹاٹا کی آخری رسومات ورلی، ممبئی میں ادا کی جائیں گی جبکہ ان کی میت صبح 10 سے شام 4 بجے تک نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس میں دیدار کے لیے رکھی جائے گی۔
86 سالہ صنعتکار رتن ٹاٹا، جو اپنی انسان دوستی اور عالمی کاروباری کامیابیوں کے لیے جانے جاتے تھے، گزشتہ روز ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر وزیر داخلہ امت شاہ آخری رسومات میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے غیر ملکی دورے کے باعث شرکت نہیں کر سکیں گے۔
رتن ٹاٹا 1991 سے 2012 تک ٹاٹا سنز کے چیئرمین رہے اور دنیا کی سستی ترین گاڑی متعارف کروا کر دنیا بھر میں شہرت پائی۔ انہوں نے فلاحی کاموں میں بھی گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔