سپریم کورٹ: سرکاری ملازمتوں میں بچوں کے کوٹےغیرآئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار

سچ ٹی وی  |  Oct 18, 2024

سپریم کورٹ کا سرکاری ملازمین کے بچوں کے کوٹے کے حوالے سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے،عدالت عظمیٰ نے سرکاری ملازمتوں میں بچوں کے کوٹے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے جی پی او ملازم کی اپیل پرمحفوظ شدہ فیصلہ سناتےہوئے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔جسٹس نعیم اختر افغان کے تحریر کردہ گیارہ صفحات پرمشتمل فیصلے میں کہا گیا ہےکہ سرکاری ملازمین کے بچوں کے کوٹے سے متعلق تمام پالیسیز غیر آئینی ہیں۔

عدالت نےسندھ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان سول سرونٹس رولز کی کچھ دفعات کو بھی کالعدم قرار دیا ہے۔عدالت کا کہنا ہے کہ بغیر میرٹ اور اشتہار کےسرکاری ملازمین کے بچوں اور بیواؤں کو نوکری دینا خلاف آئین ہے۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہےکہ پہلے سے بھرتی شدہ بیواؤں اور بچوں پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا ۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ شہداء اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر بھی اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو بھی کوٹے سے متعلق رولز نرم کرنے کا اختیار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی کا حصول غیر مساوی سلوک سے ممکن نہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More