سات ریاستیں جو امریکی صدر کے انتخاب میں اہم ترین کردار رکھتی ہیں

بی بی سی اردو  |  Oct 21, 2024

BBC

اس سال امریکہ کے صدارتی انتخاب میں تقریباً 24 کروڑ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، لیکن ان میں سے ایسے لوگوں کی تعداد نسبتاً کم ہے جو یہ فیصلہ کر سکے گی کہ ملک کا اگلا صدر کون بنے گا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ میں چند ہی ایسی ریاستیں ہیں جہاں انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین سخت مقابلہ ممکن ہے اور یہی ریاستیں فیصلہ کریں گی ملک کا اگلا صدر کون ہو گا۔

ان سات ریاستوں میں ایریزونا، جارجیا، مشیگن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں اور انھیں ’سوئنگ سٹیٹس‘ کہا جاتا ہے جن کے پاس وائٹ ہاؤس کی چابیاں ہیں۔

دونوں جماعتیں ان ریاستوں میں ایسے غیرفیصلہ کن ووٹروں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جن کا ووٹ ان کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

ایریزوناBBC

ڈیموکریٹس نے 2020 میں اس ریاست کی حمایت سے صدارت حاصل کی، جس نے 1990 کی دہائی کے بعد پہلی بار ان کے امیدوار کی حمایت میں ووٹ دیا۔

ایریزونا کی سینکڑوں میل لمبی سرحد میکسیکو سے ملتی ہے اور یہ ریاست ملک میں امیگریشن پر جاری بحث کا ایک مرکزی نکتہ بن چکی ہے۔

حالیہ مہینوں میں سرحد پار کرنے کے واقعات میں کمی آئی ہے اور یہ مسئلہ ان معاملات میں سرفہرست ہے جس پر ووٹروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ٹرمپ نے بارہا امیگریشن سے متعلق کملا ہیرس کے ریکارڈ پر حملہ کیا ہے، کیونکہ انھیں صدر جو بائیڈن نے سرحدی بحران کو کم کرنے کی کوششوں کے لیے ذمہ داری دی تھی۔

انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکی تاریخ میں ملک بدری کا سب سے بڑا آپریشن کریں گے۔

ایریزونا میں اسقاط حمل تک رسائی کے معاملے پر بھی تلخ تنازعہ سامنے آ چکا ہے، جب ریاست میں ریپبلکنز نے اسقاطِ حمل پر 160 برس پہلے لگائے جانے والی تقریباً مکمل پابندی کے دوبارہ نفاذ کی ناکام کوشش کی۔

یہ معاملہ 2022 کے بعد سے مزید تقسیم کا باعث بنا جب امریکی سپریم کورٹ نے اس تاریخی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا جس نے خواتین کو اسقاط حمل کا آئینی حق دیا تھا۔

جارجیاBBC

ہماری سوئنگ ریاستوں کی فہرست ان ریاستوں کی فہرست سے ملتی جلتی ہے جہاں ٹرمپ کے حمایت یافتہ ریپبلکن عہدیداروں نے 2020 کے انتخابات میں جو بائیڈن کی جیت کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔

جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی میں، مبینہ انتخابی مداخلت نے ٹرمپ کو ان کے چار مجرمانہ مقدمات میں سے ایک میں پھنسایا ہے (ٹرمپ کو ایک مقدمے میں سزا سنائی گئی ہے، جبکہ باقی جاری ہیں)۔

’جس عمارت سے گولی چلائی گئی اس میں پولیس اہلکار تعینات تھے‘: سخت سکیورٹی کے باوجود ٹرمپ پر حملہ کیسے ممکن ہوا؟کملا ہیرس: امریکہ کے صدارتی الیکشن میں پہلی سیاہ فام خاتون امیدوار، جو اپنے آپ کو محض ’امریکی‘ کہنا پسند کرتی ہیں’سیکرٹ سروس کا ایک ہی کام تھا اور وہ اس میں بھی ناکام رہی‘، امریکی صدور کی حفاظت کی ذمہ دار سیکرٹ سروس کیسے کام کرتی ہے؟ہلک ہوگن کا امریکی نائب صدر کملا ہیرس کو ’اٹھا کر پٹخنے‘ کا مذاق اور نسلی شناخت پر سوال

ان پر اور دیگر 18 افراد پر ریاست میں جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کے نتائج کو بدلنے کی سازش کا الزام ہے۔ ٹرمپ کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ الیکشن سے قبل عدالت میں اس کیس کی سماعت کا زیادہ امکان نہیں ہے۔

جارجیا کی آبادی کا ایک تہائی حصہ افریقی نژاد امریکی ہے، جو ملک کے سیاہ فام باشندوں کے سب سے بڑے تناسب میں سے ایک ہے، اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ 2020 میں بائیڈن کی اس ریاست میں کامیابی میں اس آبادی کا اہم کردار تھا۔

امریکہ کے سیاہ فام ووٹروں میں جو بائیڈن کے حوالے سے مایوسی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، لیکن کملا ہیرس اس حلقے کو متحرک کرنے کی امید رکھتی ہیں۔

مشیگنBBC

گذشتہ دو صدارتی انتخابات میں جو امیدوار اس ریاست میں کامیاب ہوا، وہی وائٹ ہاؤٰس تک پہنچا۔ 2020 میں جو بائیڈن کی حمایت کے باوجود، یہ غزہ کی جنگ کے دوران اسرائیل کے لیے امریکی صدر کی حمایت پر ملک گیر ردعمل کی علامت بن گئی ہے۔

فروری میں مشیگن کے ڈیموکریٹک پرائمری مقابلے کے دوران، ایک لاکھ سے زیادہ ووٹرز نے اپنے بیلٹ پیپر پر ’ان کمٹڈ‘ آپشن کا انتخاب کیا، جو اس مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکی حکومت کی اسرائیل کے لیے فوجی امداد رکوانا ہے۔

مشیگن میں عرب نژاد امریکیوں کی آبادی کا تناسب ملک میں سب سے زیادہ ہے اور ان کی جانب سے جو بائیڈن کی حمایت خطرے میں نظر آ رہی تھی لیکن کملا ہیریس نے اسرائیل پر سخت لہجہ اختیار کیا ہے، اور غزہ کے کچھ مظاہرین نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ انھیں امید ہے کہ وہ ان کے مقصد کے تئیں زیادہ ہمدرد ثابت ہوں گی۔

ٹرمپ نے جیت کے اپنے ممکنہ راستے میں ریاست کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ہونے والے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے، انھوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں حماس کے خلاف اپنی مہم ختم کرے اور ’اسے تیزی سے ختم کرے۔‘

نیواڈاBBC

اس ریاست نے گذشتہ کئیصدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ووٹ دیا ہے، لیکن اس بار یہاں ریپبلکنز کی طرف جھکاؤ کے آثار ہیں۔

پول ٹریکنگ فرم 538 کی شائع کردہ حالیہ اوسط سے پتہ چلتا ہے کہ انتخابی جائزوں میں جہاں ایک وقت میں ٹرمپ کو بائیڈن پر واضح برتری حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا وہیں جب سے کملا ہیرس میدان میں اتری ہیں تب سے یہ فرق کم ہوا ہے۔ ڈیموکریٹس نے امید ظاہر کی تھی کہ نوجوان اور زیادہ متنوع ووٹرز کو پسند آنے والا امیدوار اس فرق کو ختم کر دے گا۔

دونوں امیدوار ریاست کی قابل ذکر لاطینی آبادی کا اعتماد جیتنے کے لیے کوشاں ہیں۔

اس حقیقت کے باوجود کہ جو بائیڈن کے صدارت سنبھالنے کے بعد سے امریکی معیشت میں ٹھوس ترقی اور نئی ملازمتیں سامنے آئی ہیں، اس ریاست میں کووڈ کی وبا کے بعد بحالی دوسری ریاستوں کے مقابلے میں سست رہی ہے۔

امریکی حکومت کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق، کیلیفورنیا اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے بعد اس ریاست میں بےروزگاری کی شرح سب سے زیادہ یعنی 5.1 فیصد ہے۔

اگر ٹرمپ دوبارہ برسرِ اقتدار آتے ہیں، تو انھوں نے سب کے لیے کم ٹیکس اور کم ضوابط کے ایجنڈے کی بحالی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

شمالی کیرولائناBBC

کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کے بعد اس ریاست میں مقابلہ سخت ہو گیا ہے اور کچھ تجزیہ کار اب اسے ’ٹاس اپ‘ سمجھ رہے ہیں۔

جولائی میں قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد سے ٹرمپ کے اپنی پہلی آؤٹ ڈور ریلی کے لیے اس ریاست کے انتخابمیں شاید اس معاملے کی عکاسی ہوتی ہے۔

انھوں نے مجمع سے خطاب میں کہا کہ ’یہ ریاست جیت کے لیے ایک بہت بڑی ریاست ہے۔‘

ادھر ڈیموکریٹس نے اپنی پارٹی کے کنونشن کی آخری رات ریاست کے گورنر، رائے کوپر کو سٹیج دینے کا فیصلہ کیا۔

شمالی کیرولائنا کی سرحد جارجیا سے متصل ہے، اور اس کے کچھ سرفہرست انتخابی خدشات جارجیا اور ایریزونا سے ملتے جلتے ہیں۔

ٹرمپ نے 2020 میں شمالی کیرولائنا میں کامیابی حاصل کی لیکن فرق صرف 70,000 ووٹوں کا تھا، جس نے ڈیموکریٹس کی امیدوں کو مزید بڑھا دیا ہے کہ یہاں 2024 میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

پینسلوینیاBBC

دونوں فریقین کیسٹون ریاست میں بھرپور انداز میں مہم چلا رہے ہیں۔ یہی وہ ریاست ہے جہاں ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ بچ گئے تھے۔

2020 کے انتخابات میں یہ ریاست اہم ثابت ہوئی تھی جب یہاں سے بائیڈن جیتے تھے۔ وہ اس کے شہر سکرینٹن میں پلے بڑھے تھے اور اکثر اس کے محنت کش طبقے کے ساتھ روابط پر بات کرتے تھے۔

دیگر ریاستوں کی طرح یہاں بھی معیشت سب سے اہم مسئلہ ہے۔ بائیڈن کے دور میں مہنگائی یعنی افراطِ زر میں بتدریج کمی سے قبل اس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

’وائٹ ہاؤس کی چابی‘: وہ امریکی ریاست جہاں کملا اور ٹرمپ کی تشہیر کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کیے گئےحملہ آور نے ٹرمپ پر فائرنگ سے قبل ’کینیڈی کے قتل کو گوگل کیا‘ اور سیڑھی خریدی

پینسلوینیا کے شہری بھی مہنگائی کے باعث اخراجاتِ زندگی کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔ مارکیٹ پر گہری نظر رکھنے والی تنظیم ڈیٹاسمبلی کے مطابق اس ریاست میں گروسری کے اخراجات دیگر ریاستوں کے مقابلے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھے ہیں۔

پینسلوینیا کے شہر ایری میں لوگوں کا گزر بسر مشکل ہو رہا ہے۔ بی بی سی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کیسے وہاں ہر آٹھ میں سے ایک شخص غذائی بحران کا شکار تصور کیا جاتا ہے۔

امریکہ میں شدید مہنگائی کی وجہ سے کملا ہیرس کی انتخابی مہم متاثر ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے ووٹروں میں معیشت کے حوالے سے عدم تحفظ کا تاثر پھیلتا ہے۔

ٹرمپ نے معیشت پر بائیڈن انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور کملا ہیرس پر بھی لفظی وار کیے ہیں۔

وسکونسنBBC

’بیجر سٹیٹ‘ کہلائی جانے والی ریاست وسکونسن نے 2016 اور 2020 میں اسی شخص کا انتخاب کیا جو امریکی صدر بنا۔ مگر یہاں کانٹے کا مقابلہ رہا اور جیتنے والے امیدوار کو صرف 20 ہزار سے کچھ زیادہ ووٹ ملے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ یہاں کسی تیسرے امیدوار کی موجودگی معنی خیز ہوسکتی ہے۔ یعنی ایسا امیدوار جو ٹرمپ اور ہیرس دونوں کی پالیسیوں کا ناقد ہو۔

رائے شماری کے اندازے آزاد امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی خاطر خواں حمایت کا اشارہ دیتے ہیں۔ اس سے ہیرس یا ٹرمپ کے ووٹ کم پڑ سکتے ہیں۔ کینیڈی نے اگست کے اواخر میں اپنی مہم ختم کر کے ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

ڈیموکریٹس گرین پارٹی کی امیدوار جِل سٹین کو بیلٹ سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس جماعت نے ریاست میں انتخابی قوانین کی پیروی نہیں کی۔ انھوں نے بائیں بازو کے ادبی ماہر کورنل ویسٹ کے خلاف بھی انتخابی شکایت درج کروائی ہے۔

ٹرمپ نے اس ریاست کو ’بہت اہم‘ قرار دیا ہے۔ ’اگر ہم وسکونسن سے جیتے تو پورا الیکشن جیت جائیں گے۔‘

ریپبلکن پارٹی کا سمر نیشنل کنونشن ملواکی میں ہوا تھا۔ ہیرس بھی اسی شہر میں ریلیوں میں حصہ لے رہی تھیں جب پارٹی کنونشن نے انھیں باضابطہ طور پر ڈیموکریٹ امیدوار نامزد کیا۔ وہ اس تقریب میں بذریعہ لائیو سٹریم شامل ہوئی تھیں۔

BBCامریکہ کے صدارتی انتخاب کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ آگے ہیں یا کملا ہیرس؟ہلک ہوگن کا امریکی نائب صدر کملا ہیرس کو ’اٹھا کر پٹخنے‘ کا مذاق اور نسلی شناخت پر سوال’وائٹ ہاؤس کی چابی‘: وہ امریکی ریاست جہاں کملا اور ٹرمپ کی تشہیر کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کیے گئےمعیشت، امیگریشن، ٹیکس اور تجارت: امریکی صدارتی امیدواروں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں میں کیا فرق ہے؟کملا ہیرس: امریکہ کے صدارتی الیکشن میں پہلی سیاہ فام خاتون امیدوار، جو اپنے آپ کو محض ’امریکی‘ کہنا پسند کرتی ہیں
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More