امریکہ کے ایوان نمائندگان (کانگریس) میں فلسطین کے حامی اراکین کانگرس میں سے ایک ڈیموکریٹ الہان عمر آج ہونے والے انتخابات میں ریاست منی سوٹا کے ففتھ کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے انتخابات لڑ رہی ہیں۔سی بی ایس نیوز کے مطابق الہان عمر کے مدمقابل ریپبلکن امیدوار دالیا الاقیدی ہیں جو کہ عرافی نژاد صحافی اور ایکٹوسٹ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق الہان عمر کی پوزیشن مستحکم ہے۔
2019 سے لے کر اب تک الہان عمر نے مینی سوٹا کے ففتھ کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کی ہے جو کہ مینیاپولیس شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں پر مشتمل ہے۔
ان کا حلقہ انتخاب ڈیموکریٹک پارٹی کے امریکہ بھر کے مضبوط گڑھ میں سے ہے۔ یہاں سے پرائمری جیتنے والے ڈیموکریٹس امیدواروں نے تاریخی طور پر ریپبلکن امیدوار کو شکست دی ہے۔الہان عمر نے 2019 میں اس وقت تاریخ رقم کی جب وہ پہلی صومالی نژاد امریکی رکن کانگریس منتخب ہوئی۔صومالیہ میں پیدا ہونے والی الہان عمر آٹھ سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ ملک چھوڑ دیا تھا۔ 1990 کی دہائی میں امریکہ آنے سے پہلے وہ چار سال تک کینیا میں مہاجر کیمپ میں مقیم رہیں۔رکن کانگریس منتخب ہونے سے قبل الہان عمر ہمفری سکول آف افیرز میں پالیسی فیلو کے طور پر کام کیا اور مینیاپولیس سٹی کونسل کے پالیسی ایڈوائزر کے طور پر بھی کام کیا۔الہان عمر کے مدمقابل دالیا الاقیدی عراق میں پیدا ہوئیں لیکن 1988 میں اپنے خاندان کے ساتھ متحدہ عرب امارات منتقل ہوگئیں۔ ان کی ویب سائیٹ کے مطابق انہوں نے بطور صحافی مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک بشمول امارات، سعودی عرب اور عراق میں کام کیا۔الاقیدی 2019 میں مینیا پولیس شہر منتقل ہوئیں اور ففتھ ڈسٹرکٹ سے مختصر مدت کے لیے ریپبلکن امیدوار بھی رہیں تاہم بعد میں وہ الیکشن سے دستبردار ہوگئیں۔