"میں کل اپنی بلی کے بال کٹوانے گیا تھا، مجھے اس کے لیے 1000 آسٹریلین ڈالرز ادا کرنے پڑے۔ پہلے بلی کو آرام سے بٹھایا، اسے مطمئن کیا، پھر اسے کھانا بھی کھلایا۔ اتنے پیسوں میں پاکستان میں تقریباً 200 بلیوں کے بال کٹوائے جاسکتے ہیں۔" وسیم اکرم نے ہنستے ہوئے بتایا اور کمنٹری پینل میں سب کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنی پالتو بلی کی گرومنگ پر تقریباً پونے 2 لاکھ روپے خرچ کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ جب قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتا تو وسیم اکرم نے کمنٹری کے دوران اس دل چسپ قصے کو شیئر کیا اور بتایا کہ کس طرح 1000 آسٹریلین ڈالرز کے عوض ان کی اہلیہ شنیرا کی بلی "لیو" کے بال کٹوائے گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وسیم اکرم نے گرومنگ کی رسید بھی ساتھی کمنٹیٹرز کو دکھائی، جس میں چیک اپ، اینستھیزیا، اور دیگر اخراجات شامل تھے۔ میڈیکل چیک اپ 105 ڈالرز، اینستھیزیا 305 ڈالرز اور ہیئر کٹ کے بعد بلی کی نوک پلک سنوارنے کے لیے 120 ڈالرز خرچ ہوئے، جبکہ اصل بال کٹوانے کی فیس محض 40 ڈالرز تھی۔
وسیم اکرم نے مزاحیہ انداز میں کہا، "یہ شنیرا کی بلی ہے اور میں اس کے 15 منٹ کے گرومنگ سیشن کے چکر میں دن کی روشنی میں لُٹ گیا۔" اس بیان پر ہنسی اور حیرت کا طوفان برپا ہوگیا۔