بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے امریکی ریاست مسیسپی کے شہر بیلوکسی میں حالیہ کنسرٹ کے دوران مداحوں کے دل جیت لیے، لیکن جو ہوا اس سے وہ خود بھی حیران رہ گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی پرستار نے اپنی محبت کا اظہار اتنے شاندار انداز میں کیا کہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
میکا کے اس کنسرٹ میں شریک اس پاکستانی مداح نے اسٹیج پر جا کر میکا سنگھ کو سفید سونے کی چین، ہیرے سے جڑی انگوٹھی اور ایک قیمتی رولیکس گھڑی تحفے میں دی۔ یہ سب تحائف تین کروڑ روپے کی مالیت کے بتائے جاتے ہیں۔ یہ محبت بھرا منظر دیکھ کر میکا بھی بے ساختہ مسکرا دیے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے نے ہلچل مچا دی۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ سیاست اور سرحدیں محبت کی طاقت کو کبھی نہیں روک سکتیں۔ ان کے نزدیک دونوں ممالک کے لوگ دل سے ایک دوسرے کے قریب ہیں، بس سیاست نے فاصلے بڑھا دیے ہیں۔ جبکہ دوسرے صارفین نے اسے "فن کے قدر دان" کی بہترین مثال قرار دیا، ان کے بقول، فن کو چاہنے والا، اپنے پسندیدہ فنکار کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔
یہ لمحہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود محبت اور تعلق کا ثبوت ہے، جہاں فنکاروں کو سرحدوں کی قید سے آزاد محبت ملتی ہے۔