وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی ترقی کےلیے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔
انھوں نے کہا بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کےلیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں زرعی انکم ٹیکس کا نفاذ کردیاگیا
وزیرِ اعظم نے کہا مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی۔ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے، شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انھوں نے کہا برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ زرعی شعبے میں اصلاحات پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔