پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا ڈائریکٹر مقرر کردیا۔
سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کردار چیمپئنز ٹورنامنٹس، چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی 20 کپ، اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ سے متعلق معاملات کو سنبھالنا ہوگا جو رواں سال کے شروع میں متعارف کروایا گیا تھا۔
اس سے قبل وہاب ریاض کو سلیکشن کمیٹی کا ممبر اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا منیجر مقرر کیا گیا تھا۔
انہیں منصور رانا کے ساتھ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن مہم کے چند دن بعد ہی پی سی بی نے برطرف کردیا تھا۔
وہاب ریاض کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے کے فوری بعد ٹیم کے سینئر منیجر کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا، اس وقت ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وہاب ریاض اور منصور رانا کو قومی ٹیم میں نظم و ضبط برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔
بعدازاں سابق فاسٹ بولر نے کہا تھا کہ وہ بہت کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن بلیم گیمز کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
وہاب ریاض نے کہا تھا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر میری خدمات ختم ہوگئیں میں ایمان اور خلوص کے ساتھ جس کھیل کو پسند کیا اس کی خدمت کی اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے 100 فیصد دیا ہے۔