معروف اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی طلاقوں کی وجہ سے ان کے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جاوید شیخ نے بطور مہمان ایک شو میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے اپنی ناکام شادیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا سب سے زیادہ اور منفی اثر ان کے بچوں پر پڑا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ، میں نے 2 شادیاں کیں، پہلی اداکارہ زینت منگی کے ساتھ (جن سے 2 بچے مومل اور شہزاد پیدا ہوئے) اور دوسری شادی اداکارہ سلمیٰ آغا سے۔ لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی شادیاں صرف تین تین سال چل سکیں۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ، میری طلاقوں کی وجہ سے میرے بچوں کو زندگی میں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ والدین کی علیحدگی سے سب سے زیادہ نقصان اور فرق بچوں کو ہی پڑتا ہے۔
لیکن جب بچے بڑے ہوئے اور میری بیٹی مومل نے اپنی شادی سے پہلے مجھ سے کہا کہ آپ کو اب گھر واپس آجانا چاہیئے، تو میں گھر واپس گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ، میں نے اپنے دونوں بچوں کی شادی کے موقع پر اپنا فرض نبھایا۔ اور میں اب زندگی میں اس بات سے مطمئن ہوں کہ میں نے اپنے بچوں کی شادی کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا۔