ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت درخواست گزار کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد پر گذشتہ سال نو مئی کے واقعات میں جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے سمیت مختلف الزامات کے تحت درج دو مقدمات ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج، منظر علی گل، نے درخواستوں پر سماعت۔ بدھ کو سماعت پر ڈاکٹر یاسمین راشد کے سینئر وکیل برھان معظم ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
عمران خان کی جناح ہاؤس سمیت 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد
معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے برھان معظم ملک پیش نہیں ہو سکے اور دلائل کے لیے مہلت کی درخواست کی۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈاکٹر یاسمین راشد کے سینئر وکیل کو دلائل پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف درج ان مقدمات میں بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے ان مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔