پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسسٹنٹ ٹیسٹ کوچ ٹِم نِیلسن کا کنٹریکٹ مزید نہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ٹِم نِیلسن کا کنٹریکٹ آگے نہ بڑھانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی اپنے حوالے سے دیگر آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
ٹِم نِیلسن کو رواں سال اگست میں ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ کے آفیشل عہدے پر تعینات کیا گیا تھا تاہم پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے بعد اُن کا کنٹریکٹ رینیو ہونا تھا جسے پی سی بی کی جانب سے رینیو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹِم نِیلسن نے کرک اِنفو کو بتایا کہ اُن کے خیال میں وہ اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے اور وہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار تھے تاہم انہیں پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کو اُن کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیسن گلیسپی کو ٹِم نِیلسن کو عہدے سے ہٹانے کے بارے میں وقت پر نہیں بتایا گیا جس پر وہ سخت مایوس ہیں۔
اس سے قبل رواں سال اکتوبر میں جیسن گلیسپی کو ٹیسٹ ٹیم کے سلیکشن پینل سے ہٹا دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران جیسن گلیسپی نے گیری کرسٹن کی جگہ عبوری طور پر ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے ابھی تک ٹِم نِیلسن کی جگہ کوئی دوسرا کوچ تعینات نہیں کیا کیونکہ پی سی بی انتظامیہ غیر ملکی کوچز کی جگہ ملکی کوچز کو تعینات کرنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک عبوری وائٹ بال کوچ تعینات کیا ہے۔
اُدھر پاکستان ٹیم رواں ماہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں مشتمل سیریز کھیلے گی جبکہ اگلے سال جنوری میں پاکستان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا۔