بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثنا خان کو بچوں اور خاندان کی افزائش کے حوالے سے بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ایک حالیہ انسٹاگرام ویڈیو میں مذہب کے خاطر شوبز کو الوداع کہہ کر نئی زندگی کا آغاز کرنے والی بھارتی سابقہ اداکارہ ثنا خان نے اپنی ایک انسٹاگرام ویڈیو میں بتایا کہ ان کے پہلے بچے کی پیدائش اور حمل کے دوران ان کے شوہر انس نے کس طرح ان کی دیکھ بھال کی۔
ثنا خان نے حال ہی میں یہ دوسرے بچے کی خوشخبری کا اعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر اپنی نسل کو بڑھاتے ہوئے دوسرے بچے کے دنیا میں آنے کے منتظر ہیں۔ جبکہ ویڈیو میں سابقہ اداکارہ نے مزید بچوں کی خواہش کا اظہار کیا۔
ثنا خان کا کہنا تھا کہ ’پہلے لوگوں کے 12 بچے ہوا کرتے تھے، میں چاہتی ہوں میرے 5 یا 10 بچے ہوں‘۔ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا خان کا کہنا تھا کہ ’جب آپ اپنے دماغ کو بار بار کہو گے کہ آپ کو ڈپریشن ہوگیا ہے تو کہیں نہ کہیں آپ اس چیز کو محسوس کروگے، اپنے اندر روحانیت کو بڑھائیں‘۔
ثنا خان کو اس ویڈیو میں کیے گئے تبصروں پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مزید بچوں کیلئے اتنا پیسہ اور نوکرانیاں جو ہیں اس لئے ثنا خان کیلئے یہ بہت آسان ہے۔
پوسٹ پارٹم ڈپریشن اور روحانیت سے متعلق ثنا خان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے ثنا خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ روحانیت بےشک ہو مگر پوسٹ پارٹم ڈپریشن ایک اہم مسئلہ اور بیماری ہے اور اس کیلئے علاج کی ضرورت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔