احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں چودھری پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلئے 7 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔
احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی و دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی۔
چودھری پرویزالہیٰ عدالت پیش نہ ہو سکے، جب عدالت نے استفسار کیا کہ آج پرویز الہٰی کیوں پیش نہیں ہوئے؟ اس موقع پر ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ کل شام باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے، ان کی کمر اور ٹخنے پر چوٹ آئی ہے۔
عدالت نے جے یو آئی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا فرد جرم سے بچنے کے لئے ہر تاریخ پر یہ میڈیکل پیش کر دیتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا جو ملزم موجود ہیں ان پر فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے؟
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان پر الگ الگ فردجرم عائد ہو سکتی ہے جس پر شریک ملزم محمد خان بھٹی کے وکیل نے پراسیکیوشن کی مخالفت کی اور کہا کہ الگ الگ فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔
چودھری پرویز الٰہی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی مرکزی ملزم ہیں ان کی عدم موجودگی کی صورت میں دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی،وکیل نے کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
بعدازاں احتساب عدالت نے شریک ملزم محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے پرویز الہٰی پر فرد جرم کیلئے 7 جنوری کی تاریخ مقررکر دی۔