سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 خارجی دہشتگرد ہلاک

سچ ٹی وی  |  Dec 25, 2024

جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 13 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران فورسز کی کارروائی میں 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سرا روغہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 21 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک۔افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی بھی شہید ہو گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More