باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس کے درمیان جھگڑا میدان کا سب سے زیادہ زیرِ بحث لمحہ بن گیا۔ ویرات کوہلی کے کندھا مارنے اور پھر تلخ جملوں کے تبادلے نے نہ صرف میدان میں گرما گرمی پیدا کی بلکہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچانے لگا۔ اس جھگڑے کے بعد آئی سی سی نے ویرات کوہلی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ تو عائد کر دیا، لیکن آسٹریلوی میڈیا نے یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہونے دیا۔
مقامی اخبارات میں اگلے دن ویرات کوہلی کو طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’مسخرہ کوہلی‘ اور ’ڈرپوک‘ جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔ ایک اخبار نے کوہلی کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے ان کا تمسخر اڑایا اور ان کی شخصیت کو نشانہ بنایا۔ اس رویے نے ویرات کوہلی کے مداحوں کو غصے میں مبتلا کر دیا، جبکہ آسٹریلوی شائقین نے میڈیا کی ان سرخیوں کو دلچسپ قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب آسٹریلیا میں کسی بھارتی کرکٹر کو اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑا ہو، لیکن کوہلی کے جارحانہ رویے نے میڈیا کو ایک نیا موضوع دے دیا ہے۔ لائیو میچ کے دوران پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں مداحوں نے اپنی آراء اور تبصرے کیے۔ کچھ نے کوہلی کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ کہا، تو کچھ نے اسے کھیل کا حصہ قرار دیا۔
تاہم، ویرات کوہلی کا یہ جھگڑا نہ صرف میدان بلکہ اس کے باہر بھی ایک تنازعے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کوہلی اس دباؤ کا جواب اپنی کارکردگی سے دیتے ہیں یا یہ تنازعہ ان کے کھیل پر منفی اثر ڈالے گا۔