چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چُوہدری نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں اہل سنت اور اہل تشیع کمیونیٹیز کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔جمعے کو ایک ویڈیو پیغام میں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ’میں پاکستانی عوام اور خاص طور پر اہل کرم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘’دونوں کمیونیٹیز کے علما اور قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس امن معاہدے کے اوپر دستخط کروانے میں کردار ادا کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سنیچر کو کُرم کے لیے گاڑیوں کا پہلا قافلہ سامان رسد لے کر پاڑا چنار کے لیے روانہ ہو گا۔ پولیس قافلوں کی حفاظت کرے گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے بھی معاونت کریں گے۔‘
چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ مقامی قیادت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ مشران نے تنازعات کو پس پشت ڈال کر امن کے قیام کی راہ ہموار کی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت امن معاہدے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ امن کمیٹیاں کسی بھی شرپسند کو قافلے یا معاہدے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گی۔’امن کمیٹیوں سے درخواست ہے کہ وہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ ہم کرم کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر عمل درآمد اولین ترجیح ہے۔‘