انڈیا میں روٹھی بیوی کے گھر واپس نہ آنے پر شوہر نے خودکشی کر لی اور اس سے قبل ویڈیو میسیج بھی ریکارڈ کیا جس میں بیوی سے متعلق گھروالوں کے لیے پیغام تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 39 سالہ سریش ستادھیا نے ضلع بوتاد کے علاقے زمرالہ میں اپنے گھر کے اندر خود کو پھانسی لگائی۔
پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خودکشی کے بعد سریش کے موبائل سے گھروالوں کو ایک ویڈیو ملی جس میں وہ گھر والوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بیوی کی وجہ سے اقدام کرنے جا رہے ہیں اور انہیں (بیوی) کو اس کا سبق سکھانا ہے۔
ویڈیو ملنے کے بعد سریش کے والد نے بہو کے خلاف رپورٹ درج کرائی۔
رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی بہو نے ان کے بیٹے کو ذہنی طور پر بہت ہراساں کیا، وہ ان سے مسلسل جھگڑے کرتی رہیں اور ہر دوسرے دن میکے چلی جایا کرتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ’سریش بیوی کو لینے گیا تاہم جب ان کی جانب سے انکار کیا گیا تو وہ دلبرداشتہ ہوا اور واپس آ کر ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔‘پولیس نے سریش کی اہلیہ بھارتیہ سینہتا کے خلاف خودکشی پر اکسانے کی دفعہ 108 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔