کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، قومی ٹیم فالو آن کا شکار

ہم نیوز  |  Jan 05, 2025

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کیپ ٹاؤن میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بابر اعظم نے 31 اور محمد رضوان نے 9 رنز کے ساتھ کیا۔

بابر اعظم 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جبکہ محمد رضوان 46 رنز اور سلمان علی آغاز 19 رنز بنا سکے۔ صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ نہ کر سکے۔ جنوبی افریقہ کے بالر کاگیسو ربادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ 12 رنز بنا کر کامران غلام مارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے۔ جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے تھے۔

دوسرے دن جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائیں۔

جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی کا صائم ایوب کو علاج کیلئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ

بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔  ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔

جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے۔ انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا۔ جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2،2 وکٹیں لیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More