اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے معیشت کی بحالی کا اعتراف کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین سے معاشی بہتری کا اعتراف ہماری کامیابی کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی این آراو کے لیے کبھی بھیک مانگتی ہے اور کبھی پاؤں پکڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا پی ٹی آئی کی سیاست سے نہیں بلکہ مالی معاملات سے تعلق ہے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی نے معیشت کی بحالی کا اعتراف کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں شرپسندوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
رانا تنویر حسین نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ سیاسی دہشتگردی نہیں بلکہ بغاوت تھی۔ اور ملکی اداروں اور وفاق پر حملے کے ذمہ داران سزا کے مستحق ہیں۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف فیصلے ملکی بقا کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اب استحکام کی طرف گامزن ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے کاروبار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انقلابی پروگرام لائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی نگرانی میں سمیڈا کے لیے بہت بڑا اور آسان پروگرام لا رہے ہیں۔