لائیو: کُرم امن معاہدہ برقرار ہے تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، خیبرپختونخوا حکومت

اردو نیوز  |  Jan 06, 2025

اہم نکات:

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 13 جنوری تک موخر

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال

تین اُڑانیں کریش ہوتی دیکھ چکے ہیں اب چوتھی نہیں دیکھ سکتے: احسن اقبال

 فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں زیر حراست تین سگے بھائی قتل 

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہے گا

’پی ٹی آئی کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا‘

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کُرم میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ امن معاہدہ برقرار ہے اور معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ڈپٹی کمشنر پر حملے کے بعد کیے گئے اہم فیصلوں پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔ آج ہی سے تمام فیصلوں پر عمل درامد کا آغاز شروع ہوچکا ہے۔‘

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’امن دشمن کے تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی، کُرم مرکزی شاہراہ پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔‘

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’مشران کو بھی حملے میں ملوث مجرمان کو جلد ازجلد حوالہ کرنے کا کہا گیا ہے، علاقے کو اسلحہ سے مکمل پاک کیا جائے گا اور اسلحہ رکھنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘

190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری مرتبہ موخر، 13 جنوری کو سنایا جائے گا

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔

پیر کو عدالتی عملے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا آج رخصت پر ہیں اس وجہ سے فیصلہ نہیں سنایا جا سکتا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا جسے موخر کر کے 6 جنوری کی نئی تاریخ دی گئی تھی، تاہم آج پھر جج کی غیرحاضری کی وجہ سے نئی تاریخ دی گئی ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث بیشتر دکانیں اور مارکیٹیں بند

زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

جمعیت علماء اسلام کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 پر ضمنی انتخاب کے نتائج میں مبینہ ردو بدل اور انتخابی دھاندلی کے خلاف بلوچستان بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔

کوئٹہ، مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، حب، ہرنائی اور دیگر شہروں میں کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر سپریم کورٹ نے جے یو آئی کے امیدوار کی درخواست پر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔

پانچ جنوری کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک دوبارہ جیت گئے۔

جے یوآئی نے نتائج میں ردو بدل کا الزام لگاتے ہوئے واقعےکے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔

صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ ’انتخابات میں جے یو آئی کے عثمان پرکانی واضح طور پر جیت گئے تھے، ہمارے پاس فارم 45 بطور ثبوت موجود ہیں مگر انتظامیہ کی ملی بھگت سے فارم 47 میں نتائج تبدیل کئے گئے۔‘

تین اُڑانیں کریش ہوتی دیکھ چکے ہیں اب چوتھی نہیں دیکھ سکتے: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے ’اُڑان پاکستان‘ کے بارے میں کہا ہے کہ ماضی میں تین اُڑانیں کریش ہوتی دیکھ چکے ہیں اب تیسری کو کریش ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔

پیر کو کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اُڑان پاکستان ملک کے مستقبل کا منصوبہ ہے جس کا مطلب پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔

اس کے لیے ضروری ہے سیاسی اور معاشی استحکام کو بہتر بنایا جائے۔ پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے۔

تمام صوبائی حکومتیں مختلف شعبوں میں ایکسپورٹ کو پرموٹ کریں۔ ملک کو ٹیکنالوجی کی اکانومی کے میدان میں آگے لے جانا ہے۔ یہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں زیر حراست تین سگے بھائی قتل 

صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں مسلح افراد نے حملہ کر کے زیر حراست تین سگے بھائیوں کو قتل کر دیا جبکہ ایک ملزم زخمی ہو گیا ہے۔

پیر کو پنجاب پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایس پی انوسٹی گیشن فیصل آباد  اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا۔

پولیس کے مطابق چھ ملزمان تھانے کی عقبی دیوار سے سیڑھیاں لگا کر داخل ہوئے۔ ’ملزمان کی دیرینہ دشمنی کی وجہ اورمحفوظ رکھنے کے لیے سٹی کی بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں بند کیا گیا تھا۔‘

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہے گا

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سرد رہے گا۔

تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طورپر ابرآلود رہنے، کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند چھائی رہے گی۔

’پی ٹی آئی کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا‘

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا.

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اسد قیصر کے نئے موقف سے لگتا ہے کہ وہ اپنے وعدے اور یقین دہانی کو پورا کرنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔

’پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم نے اب تک ہونے والے دو اجلاسوں کے دوران سٹیک ہولڈر سے بات چیت اور بانی پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کا کبھی ذکر نہیں کیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More