"ہمارے دو گھر ہیں، ایک اپارٹمنٹ اور ایک بنگلہ، اور دونوں آمنے سامنے ہیں۔ میں اور میرے بچے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں، جہاں میرا مندر بھی ہے، جبکہ گووندا بنگلے میں رہتے ہیں۔" سنیتا آہوجا نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا۔
سنیتا نے بتایا کہ گووندا کے شوق اور عادتیں ان کے الگ رہنے کی بڑی وجہ ہیں۔ "گووندا کو لوگوں سے بات چیت کرنا بہت پسند ہے، ان کی میٹنگز کبھی ختم ہی نہیں ہوتیں۔ وہ ہمیشہ 12-13 لوگوں کے ساتھ گپ شپ کرتے نظر آتے ہیں، اس لیے ہم نے الگ رہنے کا فیصلہ کیا۔" ان کے مطابق، یہ ترتیب دونوں کے لیے آسانی پیدا کرتی ہے اور ہر کسی کو اپنی جگہ کا سکون ملتا ہے۔
شادی کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے سنیتا نے بتایا، "گووندا کو ہمیشہ سے ساڑھیاں پسند تھیں، لیکن میں ٹام بوائے اسٹائل کے کپڑے پہنتی تھی۔ وہ اکثر مجھ سے کہتے تھے کہ ساڑھیاں پہنا کرو، اور ان کی اس فرمائش پر مجھے ہنسی آتی تھی۔" انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ گووندا اس قدر شرمیلے تھے کہ شادی کی پیشکش بھی انہوں نے خود کی۔ "میں نے ہی انہیں پروپوز کیا کیونکہ یہ اس معاملے میں بہت زیادہ شرمیلے تھے۔"
گووندا اور سنیتا کا الگ رہنے کا فیصلہ ان کی محبت اور سمجھداری کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں اپنی پسند اور ضروریات کا احترام کرتے ہوئے زندگی گزار رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رشتے کی مضبوطی صرف ایک چھت کے نیچے رہنے سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کی خوشیوں اور سکون کو اہمیت دینے سے ممکن ہے۔