پاکپتن: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈوبتی معیشت سنبھل گئی اور 10 ماہ میں پاکستان ترقی کرنے لگ گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکپتن میں چیف منسٹر لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اور ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ نواز شریف دور میں بھی ملکی معیشت اچھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ سنبھالا تو کہا گیا ملک ڈوب جائے گا۔ اور پاکستان کا موازنہ سری لنکا کی صورتحال سے کیا جا رہا تھا۔ تاہم شہباز شریف کے آنے سے معیشت بہتر ہو گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے 76 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اور جب عوام کو فلاحی منصوبوں کا ثمر ملتا ہے تو پھر لانچ کرنے آتی ہوں۔ زبانی نہیں بلکہ عملی کاموں پر یقین رکھتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے لوگوں کو فائدہ پہنچایا جائے۔ اور میں چاہتی ہوں ہر شہری منصوبوں سے مستفید ہو۔ سڑک کے بغیر کوئی ترقی نہیں ہوتی۔ اور کسان کارڈ پر کسانوں کو مجھ سے لڑوانے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: امیر جماعت اسلامی نے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا
مویشی پال اسکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مویشی پال اسکیم کارڈ کا دائرہ کار پھیلایا جائے گا۔ اور مویشی پال اسکیم کارڈ کے تحت 2 لاکھ 70 ہزار روپے 4 ماہ کےلیے دیئے جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ مویشی پالنے کے کاروبار کو فروغ دینا صوبائی حکومت کا منصوبہ ہے۔ اور جانوروں کی ویکسی نیشن کے لیے بھی 90 ارب روپے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے بارے میں مخالفین پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ لیکن کسان کہتے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے آڑھتی سے جان چھڑا دی۔ کسانوں سے رابطہ رکھا اور انہیں ہر معاملے میں تعاون فراہمی کی کوشش کی۔ اور میری خواہش ہے کہ تمام کسانوں کے گھروں میں خوشحالی آئے۔