ثانیہ مرزا کی زندگی پر بالی وڈ میں ’فلم‘، انڈین ٹینس سٹار کیا کہتی ہیں؟

اردو نیوز  |  Jan 12, 2025

ثانیہ مرزا کو انڈیا کی کھیلوں کی بڑی شخصیات میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے۔

سابق ٹینس سٹار کی زندگی متاثر کن رہی ہے اور ان کی کامیابیوں اور ریکارڈز نے انڈیا میں ٹینس کو مقبول بنایا ہے۔

شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق اسی وجہ سے ثانیہ مرزا کے زندگی پر ایک فلم بنائے جانے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

ان چہ میگوئیوں پر ثانیہ مرزا خود کھل کر سامنے آگئی ہیں۔ ان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی زندگی پر فلم بنانے کی باتیں تو ہو رہی ہیں البتہ تاحال انہیں اس متعلق کسی نے کوئی پیش کش نہیں کی۔

ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 38 سالہ ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ ’میری زندگی پر فلم سے متعلق بہت سی باتیں سننے کو مل رہی ہیں البتہ اس سلسلے میں کسی نے اب تک مجھ سے کوئی رابطہ یا پیشکش نہیں کی۔‘ مزاحیہ انداز میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میرے مینیجر نے ابھی تک مجھے کسی آفر کے بارے میں نہیں بتایا۔‘

اس سے قبل کنگ آف بالی وُڈ شاہ رخ خان کی جانب سے ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنانے پر دلچسپی ظاہر کی گئی تھی۔

سنہ 2016 میں ثانیہ مرزا کی جب سوانح عمری شائع ہوئی تو شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ’ثانیہ کی زندگی پر جب بھی کوئی فلم بنائی جائے گی، یہ بڑی ہی دلچسپ اور شاندار ہو گی، میں نے اس سے بات تو نہیں کی لیکن مجھے اس پر بائیوپک فلم بناتے ہوئے بہت اچھا لگے گا۔‘

ثانیہ مرزا نے چھ مرتبہ گرینڈ سلام اپنے نام کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)گذشتہ سال ’نیٹ فلکس گریٹ انڈین کپل شرما شو‘ میں شرکت کے دوران ثانیہ مرزا سے بائیوپک کے بارے میں سوال پوچھا گیا تھا۔ جس کے جواب میں  ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ ’اگر میری زندگی پر فلم بنتی ہے تو بالکل اس میں پرفارم کروں گی اگر اکشے کمار بھی اس میں ہوئے تو۔‘

جب ان سے مزید پوچھا گیا کہ وہ کیا چاہتی ہیں کون سی اداکارہ ان کی بائیوپک فلم میں ان کا کردار نبھائیں تو اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’دپیکا پاڈوکون یا پرینیتی چوپڑا میری زندگی پر بننے والی فلم میں میرا کردار ادا کریں۔‘

یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے سنہ 2003 میں ٹینس کا آغاز کیا۔ 20 برسوں پر محیط کیریئر میں ثانیہ مرزا نے چھ مرتبہ گرینڈ سلام (کیلنڈر ایئر میں چار بڑے ٹورنامنٹس جیتنا) اپنے نام کیا۔ ثانیہ مرزا دو مرتبہ دنیا کی نبمر ون ٹینس پلیئر بھی رہیں۔ انہوں نے فروری 2023 میں ٹینس سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More