آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کے لیے نئے قوانین متعارف کروا دیے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بی سی سی آئی کھلاڑیوں کے لیے ٹور پر اہل خانہ کو ساتھ لے جانے کے حوالے سے سخت احکامات جاری ہونے والے ہیں۔
ڈیڑھ ماہ پر محیط ٹور کے لیے کھلاڑیوں کو شریک حیات اور گرل فرینڈز دو ہفتے سے زیادہ ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران جسپریت بمراہ اور وراٹ کوہلی کے ساتھ اُن کی فیملی بھی موجود تھی۔
یہ دونوں کھلاڑی ٹیم سے الگ اپنی فیملیز کے ہمراہ سفر کرتے رہے۔
بی سی سی آئی کے نئے قوانین کے مطابق اگر ٹور 45 دن طویل ہوا تو اس دوران فیملیز کھلاڑیوں کے ساتھ صرف 14 روز تک قیام کر سکیں گی۔
اسی طرح اگر ٹور کا دورانیہ کم ہوا تو پھر سات دن تک فیملیز کرکٹرز کے ساتھ رہ سکیں گی۔
پورے ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ اُن کی شریک حیات قیام نہیں کر سکیں گی۔
تمام کھلاڑیوں کو ٹیم کی بس میں ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ذاتی مینیجر کو ٹیم کے ساتھ وی آئی پی باکس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی وہ ٹیم کی بس میں سفر کر سکیں گے۔
گوتم گمبھیر کے مینیجر اس ہوٹل میں بھی ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہو گی جہاں ٹیم قیام کرے گی بلکہ انہیں کسی دوسرے دوسرے ہوٹل میں رہنا ہوگا۔
اگر کسی کھلاڑی کے سامان کا وزن 150 کلوگرام سے زیادہ ہوگا تو اس صورت میں بورڈ اضافی پیسے نہیں دے گا بلکہ یہ رقم کھلاڑی کو خود ادا کرنا ہوگی۔