واٹس ایپ نے چند نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں تاکہ صارفین کے لیے دوستوں اور پیاروں سے چیٹ کا تجربہ زیادہ بہتر اور مزیدار ہوسکے۔
کمپنی کی جانب سے چیٹس کے لیے 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ہم کیمرا ایفیکٹس، سیلفی اسٹیکرز، کوئیکر ری ایکشنز اور اسٹیکرز پیکس شیئرنگ جیسے فیچرز متعارف کرا رہے ہیں تاکہ واٹس ایپ کا استعمال زیادہ آسان اور پرلطف ہو جائے۔
اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو چیٹس کے اندر تصویر کھینچنے یا ویڈیو بنانے پر 30 بیک گراؤنڈز، فلٹرز اور ایفیکٹس دستیاب ہوں گے۔
ان آپشنز سے فوٹوز یا ویڈیوز کو زیادہ تخلیقی شکل دی جاسکے گی تاکہ میسجنگ کا تجربہ مزید بہتر ہوسکے۔
دوسرا فیچر سیلفی اسٹیکرز کا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی سیلفیز کو create اسٹیکر آئیکون پر کلک اور کیمرا استعمال کرکے کاسٹیوم اسٹیکرز کی شکل میں تبدیل کرسکیں گے۔
یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز میں اسے جلد متعارف کرایا جائے گا۔
اسی طرح واٹس ایپ میں اسٹیکر پیکس کو شیئر کرنے کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے۔
صارفین اب چیٹس کے اندر ہی اپنے پسندیدہ اسٹیکر پیکس ریکومینڈ اور شیئر کرسکیں گے۔
آخری فیچر میسجز پر ری ایکشنز کا عمل سادہ بنانا ہے تاکہ صارفین فوری طور پر ڈبل کلک کرکے کسی بھی میسج پر ری ایکٹ کرسکیں۔
اسی طرح ری ایکشنز میں اکثر استعمال کی جانے والی ایموجیز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ ٹائپ کیے بغیر ہی جذبات کا اظہار کیا جاسکے۔
کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ہم 2025 میں مزید فیچرز متعارف کرانے پر پرجوش ہیں۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔