لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی وفاداری کچھ کام نہ آئی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے صوبائی صدارت سے ہٹا کر علی امین گنڈاپور کو وفاق کی اکائیوں کو کمزور کرے کی وفاداری کا انعام دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فطرت میں کسی کے ساتھ وفاداری ہے ہی نہیں۔ اور ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کو دوسرے صوبے پہ چڑھائی کرنے کا حکم دے کر استعمال کر کے فارغ کر دیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہر دوست، کارکن اور ساتھی کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کر کے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتا ہے۔ اور لوگوں کو ملک کے خلاف سازش کے لیے استعمال کر کے بے یارو مددگار چھوڑ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وفاداری کرنے والوں کی کمر میں چھرا گھونپنے کی اپنی روایت پھر دہرائی۔ اور علی امین گنڈاپور کی وفاداری کچھ کام نہ آئی۔ بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار
پنجاب کی سینئر وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے جس نے جتنی بڑی قربانی دی۔ اس سے اتنی ہی بڑی احسان فراموشی کی گئی۔ اکبر ایس بابر، جسٹس وجیہہ، نعیم الحق، جہانگیر ترین۔ عبدالعلیم خان بانی پی ٹی آئی کی احسان فراموشی کی چند مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی احسان فراموشی ضرب المثل بن چکی ہے۔ اور علی امین گنڈاپور نے 9 مئی سے لے کر 26 نومبر تک ہر انتشاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لیکن بانی پی ٹی آئی نے اسے صوبائی صدارت کی عہدے سے ہٹا کر اچھا صلہ دیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کو نوجوانوں کو استعمال کیا گیا۔ اور پھر انہیں جیلوں میں سڑنے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا۔ ساری زندگی دوسروں کو اپنے سیاسی مقاصد اور ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے والے کی فطرت آج بھی نہیں بدلی۔ آج کوئی پُرانا دوست، عہدے دار اور ساتھی کارکن ان کے ساتھ نہیں کھڑا۔
انہوں نے کہا کہ عقل اور سمجھ رکھنے والے اِس شخص کی فطرت کو سمجھیں۔ اور اگلی کسی قسم کی ملک کے خلاف سازش کا حصہ نہ بنیں۔ کسی بھی سازش اور ذاتی مقاصد کا حصہ بننے سے پہلے سوچیں جو آج علی امین گنڈاپور سوچ رہے ہیں۔