ماڈلنگ سے فلمی دنیا میں آنے والی پریتی زنٹا 50 سال کی عمر میں بھی رول ماڈل

اردو نیوز  |  Jan 31, 2025

جب نیا سال آتا ہے تو لوگ جشن مناتے ہیں، کچھ خراب عادتوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں، کچھ نئے کی تلاش میں ہوتے ہیں اور کئی عہدو پیمان باندھتے ہیں۔

انڈیا کی ایک معروف اداکارہ جو آج پورے 50 سال کی ہو رہی ہیں انہوں نے مثال قائم کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کی حوصلہ افزائی کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹفارم انسٹاگرام پر ورزش کی اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ چھٹیاں منا رہے ہیں یا دفتری کام پر مامور ہیں، آپ کو خود کو بہتر، مضبوط اور صحت مند بنانا ہوگا۔ اگر آپ خود کو چیلنج نہیں کرتے تو آپ خود کو تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ اس لیے ہمت نہ ہاریں، ثابت قدم رہیں اور خود کو پُش کریں۔ خود سے محبت سے بہتر کوئی محبت نہیں ہے۔‘

ہم ’پرک گرل‘، ’لرل گرل‘، ’پریٹی گرل‘ پریتی زنٹا کی بات کر رہے ہیں جنہوں نے کبھی اداکارہ بننے کی خواہش نہیں کی تھی لیکن نہ صرف وہ اس میدان میں آئیں بلکہ آتے ہی تہلکہ بھی مچا دیا۔

چاہ زنخداں یعنی گال پر گڑھے والی اس اداکارہ کو جب پہلا بریک ملا تو انہوں نے قسمت کے کھیل میں یقین کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ وہ اس شعبے میں جا رہی ہیں جہاں کبھی جانے کی انہوں نے کوئی تمنا یا تیاری نہیں کی۔

31 جنوری 1975 کو انڈیا کی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کے ضلعے شملہ میں ایک فوجی کے گھر پیدا ہونے والی پریتی نے انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کیا اور کرمنل سائیکالوجی یعنی مجرمانہ نفسیات میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کی لیکن محض ایک اتفاق کے سبب وہ پہلے ماڈلنگ اور پھر سلور سکرین کی دنیا میں چلی آئیں۔

کہتے ہیں کہ ایک دوست کی سالگرہ پر اتفاق سے ان کی ملاقات ایک ہدایتکار سے ہوئی جنہوں نے پریتی زنٹا کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ آڈیشن کے لیے جائیں اور انہیں منتخب کر لیا گیا۔ اس وقت وہ کوئی 21 سال کی تھیں اور یہ پرک چاکلیٹ کا اشتہار تھا جس میں لوگوں نے پہلی بار پریتی زنٹا کو دیکھا۔

پریتی زنٹا کی پہلی فلم شاہ رخ خان کے ساتھ ’دل سے‘ تھی۔ فوٹو: پریتی زنٹا انسٹا

اس کے بعد اپنی ایک سہیلی کے ساتھ اُن کے آڈیشن کے لیے وہ ایک سٹوڈیو پہنچيں جہاں انہیں معروف فلم ساز شیکھر کپور نے دیکھا اور کہا کہ وہ خود کیوں آدیشن میں شریک نہیں ہوتیں۔ اور پھر ان کا آڈیشن دیکھ کر انہوں نے پریتی زنٹا کو فلموں میں آنے کی ترغیب دی۔

یہ فلم ریتک روشن کے ساتھ ’ترا را پم پم‘ تھی جو کہ منسوخ کر دی گئی لیکن پھر شیکھر کپور نے انہیں معروف فلم ساز منی رتنم سے متعارف کرایا اور اس طرح ان کی پہلی فلم شاہ رخ خان کے ساتھ ’دل سے‘ آئی جس میں اداکارہ منیشا کوئرالہ اہم کردار میں تھیں اور پریتی زنٹا کو محض 20 منٹ کا رول ملا تھا لیکن وہ ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔

اسی سال پریتی زنٹا کی دھرمیندر کے بیٹے اداکار بابی دیول کے ساتھ فلم ’سولجر‘ آئی جس سے وہ راتوں رات مشہور ہو گئیں اور ان دونوں فلموں کی وجہ سے انہیں فلم فیئر کا بہترین ڈیبو کرنے والی اداکارہ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گيا۔ اس کے بعد سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

پریتی زنٹا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بے باک ہیں اور اپنی بات رکھنے میں پیچھے نہیں رہتیں لیکن شیکھر کپور کے ساتھ ان کی قربتوں نے اس وقت ہنگامہ برپا کیا جب شیکھر کپور کی اہلیہ سوچترا کرشنامورتی نے ایک انٹرویو میں اپنی شادی کے ٹوٹنے کا الزام ایک ’مٙین ایٹر‘ یعنی مرد خور پر لگایا۔ انہوں نے اگرچہ پریتی کا نام نہیں لیا لیکن پھر بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ پریتی ہی تھیں جن کی وجہ سے ان کی شادی اور ان کا گھر ٹوٹا۔

بہر حال پریتی نے بھی ان پر تنقید کرنے سے گریز نہیں کیا اور انہیں طنز کرتے ہوئے ’ہوم میکر‘ کہا۔

معروف اداکار اکشے کمار کے ساتھ انہوں نے فلم ’سنگھرش‘ میں اس وقت کام کیا جب کئی دوسری چوٹی کی اداکاراؤں نے اس کردار کو مسترد کر دیا۔

پریتی زنٹا نے ٹیم کنگس الیون معروف تاجر نیس واڈیا کے ساتھ خریدی۔ فوٹو: پریتی زنٹا انسٹا

ان کے اس کردار کے بارے میں فلم صحافی متل مدھر نے لکھا کہ پریتی زنٹا نے '’دل سے‘ میں اپنے چھوٹے سے کردار کے ساتھ ناظرین کو لبھایا، پھر فلم ’سولجر‘ میں انہوں نے بولڈ مناظر سے ناظرین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور اب (سنگھرش میں) پریتی زنٹا اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو چونکا دینے کے لیے تیار ہیں۔

پریتی زنٹا کی خوبصورتی کے پیش نظر ہالی وڈ اداکارہ جولیا رابرٹس کی فلم ’پریٹی وومن‘ کے بہت سے مناظر کو نقل کرنے والی فلم ’چوری چوری چپکے چپکے‘ ملی جس میں ان کی ادکاری کو سراہا گيا۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ رانی مکھرجی بھی ہیں اور یہ فلم باکس آفس پر کافی کامیاب رہی۔

شاہ رخ خان اور سیف علی خان کے ساتھ فلم ’کل ہو نا ہو‘ میں اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔

لیکن اس سے قبل عامر خان کے ساتھ ان کی فلم ’دل چاہتا ہے‘ آئی تھی جس نے پریتی زنٹا کو چوٹی کی اداکاراؤں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ یہ فلم اپنے وقت کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی۔

اس کے بعد ان کی فلم کوئی مل گیا، ویر زارا، سلام نمستے اور کبھی الوداع نہ کہنا آئی۔

’ویر زارا‘ میں پریتی زنٹا نے ایک پاکستانی مسلم لڑکی کردار ادا کیا اور انہیں اس کردار میں بہت سراہا گيا۔ انڈیا اور پاکستان کی محبت پر مبنی یش چوپڑا کی یہ فلم سپرہٹ فلم ثابت ہوئی اور سرحد کے دونوں جانب اسے پزیرائی ملی۔

’سلام نمستے‘ میں پریتی زنٹا نے ایک ماڈرن گرل کا کردار ادا کیاہے جس میں وہ خوب جچی ہیں۔

لیکن پریتی زنٹا محض اداکارہ نہیں ہیں وہ ایک کامیاب تاجر ہیں جو سپورٹس اور انٹرٹینمنٹ دونوں میں نمایاں نظر آتی ہیں۔ اداکارہ جوہی چاولہ کی طرح انہوں نے بھی کرکٹ کی معروف لیگ انڈین پریمیئر ليگ (آئی پی ایل) میں ایک ٹیم کنگس الیون پنجاب معروف تاجر نیس واڈیا کے ساتھ خریدی۔

    View this post on Instagram           A post shared by Preity G Zinta (@realpz)

نیس واڈیا پاکستان کے بانی محمد علی جناح کے نواسے نسلی واڈیا کے بیٹے ہیں۔ پریتی کے ان سے بھی قربت بتائی جاتی رہی ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق وہ 2005 سے 2009 تک ایک ساتھ رہے جبکہ 2014 میں پریتی زنٹا نے نیس واڈیا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی کہ انہوں نے ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں ان کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

دو سال بعد نیس نے پولیس میں اپنا بیان درج کرایا۔ یہ دونوں پنجاب کنگز الیون میں شراکت دار رہے ہیں۔

بہر حال 29 فروری 2016 کو انہوں نے اپنے امریکی پارٹنر جین گڈ اینف سے شادی کر لی اور امریکہ کے شہر لاس اینجلس منتقل ہو ‏گئیں۔

وہ نہ صرف آئی پی ایل کی ٹیم میں شراکت دار ہیں بلکہ وہ جنوبی افریقہ کی ٹی 20 گلوبل لیگ میں سٹیلن بوش کنگس ٹیم کی مالکن بھی ہیں۔ وہ فلموں میں مافیا کے خلاف بولنے میں پیش پیش رہی ہیں۔

پریتی زنٹا اب بھی فلموں میں اور دیگر فلاحی کاموں میں خود کو مشغول رکھتی ہیں اور اپنے زمانے کی خواتین کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں اور انہیں ترغیب دیتی رہتی ہیں جیسا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے اپنی ورزش کی ایک ریل کے ساتھ ترغیب دی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More