’جیتو بازی کھیل کے‘ چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل گانا عاطف اسلم کی آواز میں ریلیز

اردو نیوز  |  Feb 07, 2025

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے آفیشل گانے ’جیتو بازی کھیل کے‘ کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے جمعے کو جیتو بازی کھیل کے ریلیز کیا جسے پاکستان کے مشہور سنگر عاطف اسلم نے گایا ہے۔

اس گانے کو عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ عدنان دُھول اور اسفندیار اسد نے لکھا ہے۔

گانے کی ویڈیو میں ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے جھنڈوں کو دکھایا گیا ہے۔

گانے کی ویڈیو میں عاطف اسلم بھرپور انداز میں پرفارم کر رہے ہیں جن کے ساتھ گروپ ڈانسرز بھی موجود ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق گانے کی میوزک ویڈیو میں پاکستان کی ثقافت، چہل پہل والی گلیاں، مارکیٹیں اور سٹیڈیمز کو دکھایا گیا ہے۔

دوسری جانب عاطف اسلم نے گانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں کرکٹ کا بہت شوقین ہوں اور میں ہمیشہ فاسٹ بولر بننا چاہتا تھا۔‘

عاطف اسلم نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کا منتظر رہتا ہوں جو کے جذبات اور احساسات سے بھرپور ہوتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آفیشل گانے کا حصہ بننا میرے لیے بہت خاص بات ہے۔‘

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں آمنے سامنے آئیں گی۔

اس ایونٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More