بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے مسلمان دوست ظہیر اقبال کی عمرہ ادائیگی کے لیے روانگی کی تصاویر حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔ ان تصاویر میں ظہیر اقبال کو احرام میں جبکہ سوناکشی سنہا کو حجاب میں دکھایا گیا ہے، جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ سوناکشی سنہا مسلمان ہوگئیں اور اپنے شوہر کے ساتھ عمرہ کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔
تاہم، جب ان تصاویر کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا، تو یہ حقیقت سامنے آئی کہ یہ تصاویر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تخلیق کی گئی ہیں۔ ان تصاویر میں کچھ واضح سقم نظر آ رہے ہیں، جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ اصلی نہیں ہیں۔
یہ کوئی پہلی بار نہیں جب اس نوعیت کی جعلی تصاویر وائرل ہوئی ہوں۔ اس سے قبل بھی شاہ رخ خان اور گوری کی عمرہ ادائیگی کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر چکی ہیں۔
اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر کسی بھی تصویر یا خبر کو بغیر تصدیق کے ماننا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔