پاکستان میں پیدا ہونے والی بالی وڈ اداکارہ جو دلیپ کمار اور خوشونت سنگھ کی رشتہ دار ہیں

اردو نیوز  |  Feb 10, 2025

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب کے ہڈالی قصبے میں آج سے پورے 67 سال قبل 9 فروری 1958 کو ایک بچی پیدا ہوئی جسے ان کی والدہ رخسانہ سلطانہ نے امرِتا نام دیا۔

یہ وہی امرِتا سنگھ ہیں جنہوں نے اپنی 1983 میں آنے والی اپنی پہلی فلم ’بیتاب‘ سے دھوم مچا دی۔ یہ فلم اداکار دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول کی بھی پہلی فلم تھی۔ فلم بیتاب انتہائی کامیاب ہوئی اور امرتا سنگھ راتوں رات سٹار بن گئیں۔

اس کے بعد ان کی فلم ’سنی‘، ’دنیا‘ اور ’صاحب‘ آئی۔ انیل کپور کے ساتھ آنے والی فلم ’صاحب‘ میں انہیں پسند کیا گیا اور پھر اگلے سال فلم ’چمیلی کی شادی‘ آئی جو کہ ایک کلٹ فلم ثابت ہوئی۔ لیکن اس سے قبل اس وقت کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی فلم ’مرد‘ آئی جس نے کافی مقبولیت حاصل کی اور انہیں ایک نیا مقام عطا کیا۔

اگرچہ وہ آج بھی فلموں میں منفرد کردار میں نظر آتی ہیں لیکن جتنی تیزی سے انہوں نے کامیابی کے زینے طے کیے تھے اسی تیزی کے ساتھ وہ اتر بھی گئیں۔ 1986 میں آنے والی سنجے دت اور کمار گورو کی فلم ’نام‘ اور پھر اس کے بعد ’خودغرض‘ میں انہیں سراہا گيا۔ ’وارث‘، ’طوفان‘ اور ’دل آشنا ہے‘ جیسی فلموں کے لیے بھی وہ یاد کی جاتی ہیں لیکن انہیں کبھی بہترین اداکاری کا ایوارڈ نہ مل سکا۔

البتہ 1994 میں آنے والی فلم ’آئینہ‘ کے لیے انہیں بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا جبکہ 2005 میں ’کاویانجلی‘ کے لیے منفی کردار کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔

امرتا سنگھ کے اتنے تعارف کے بعد آپ یہ تو جان ہی گئے ہوں گے کہ نواب منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے اداکار سیف علی خان سے ان کی شادی ہوئی جو کہ عمر میں ان سے 12 سال چھوٹے تھے۔ ان کی شادی 1991 میں ہوئی جبکہ 2004 میں ان میں علیحدگی ہو گئی۔ سیف نے دوسری شادی اداکارہ کرینہ کپور سے کی لیکن امرتا سنگھ سے ان کی دو اولادیں اداکارہ سارہ اور ابراہیم ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ وہ دلیپ کمار کے خاندان سے کس طرح منسلک ہو سکتی ہیں۔ تو آئیے ہم ان کی والدہ رخسانہ سلطان کی بات کرتے ہیں جو کہ زرینہ بمبیٹ کی بیٹی تھیں اور زرینہ در اصل اداکارہ بیگم پارہ کی بہن تھیں۔ بیگم پارہ فلم ساز اور اداکار ناصر حسین کی بیوی تھیں اور ناصر حسین دلیپ کمار کے سگے چھوٹے بھائی تھے جنھوں نے فلم ’گنگا جمنا‘ میں حقیقی چھوٹے بھائی پولیس انسپیکٹر کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو دلیپ کمار امرتا سنگھ کے نانا لگے اور بیگم پارہ کے بیٹے ادکار ایوب خان ان کے ماموں ٹھہرے۔

دوسری جانب امرتا کی والدہ رخسانہ سلطان نے انڈین فوج  کے ایک افسر شویندر سنگھ ورک سے شادی کی تھی جبکہ رخسانہ کی والدہ زرینہ نے بھی انڈین ایئرفورس کے ایک افسر مدن موہن بیمبیٹ سے شادی کی تھی۔

امرتا سنگھ کی سیف علی خان سے شادی 1991 میں ہوئی جبکہ 2004 میں ان میں علیحدگی ہو گئی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)رخسانہ کو انڈیا کی وزیر اعظم اندار گاندھی کے چھوٹے بیٹے سنجے گاندھی کے بہت قریب مانا جاتا ہے جو کہ سنجے گاندھی کے ساتھ پرانی دہلی کے مسلم علاقوں میں نس بندی کی متنازعہ مہم میں سرگرم تھیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والی امرتا سنگھ انڈیا کے مشہور تاجر خاندان خوشونت سے کیسے تعلق رکھتی ہیں۔ جیسے کہ پہلے بیان کیا گیا کہ امرتا کی والدہ رخسانہ سلطان کے شوہر شویندر سنگھ دہلی کے معروف بلڈر فیملی سے تعلق رکھتے تھے اور وہ معروف صحافی اور مصنف خوشونت سنگھ کے بھتیجے تھے۔ اس طرح دیکھا جائے تو خوشونت سنگھ امرتا سنگھ کے دادا ٹھہرے۔

امرتا سنگھ کی محبتیں

امرتا سنگھ کے سیف علی خان سے شادی سے قبل اپنے پہلے کو سٹار سنی دیول، کرکٹر روی شاستری اور اداکار ونود کھنے کے ساتھ رشتے تھے۔

بالی وڈ شادیز ڈاٹ کام ویب سائٹ کے مطابق امرتا سنگھ نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں اس کا اعتراف کیا تھا اور کہا تھا کہ انھوں نے اپنے رشتے کو سو فیصد اہمیت دی تھی۔

امرتا نے کہا کہ ’جب بھی میں کسی رشتے میں شامل ہوئی، چاہے وہ سنی کے ساتھ ہو یا روی یا ونود کے ساتھ، میں نے اپنا سو فیصد دیا۔ اور جب جب یہ ختم ہوا مجھے لگا ہے کہ میں نے اپنے جسم کا ایک ابدی ٹکڑا کاٹ دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دو کتے، آوارہ کتے بھی اگر ایک ہی سڑک پر رہتے ہیں تو وہ ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں۔ ہم انسان ہیں یار۔ جب مجھے الگ ہونا پڑا تو اس نے مجھے اندر سے مار دیا۔‘

سیف علی خان کی امرتا سنگھ سے دو اولادیں اداکارہ سارہ اور ابراہیم ہیں (فوٹو: ڈی این اے انڈیا)اسی انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے ماضی کے تمام رشتے اب بھی میرے لیے بہت معنی رکھتے ہیں۔ میں سنی کے لیے محسوس کرتی ہوں۔ میں اس کے ساتھ بالکل نارمل ہوں۔ مجھے خوشی ہوتی ہے اگر روی اپنے کھیل میں اچھا کرتا ہے۔ میں اب بھی ونود کے لیے پاگلوں کی طرح پرواہ کرتی ہوں کیونکہ ہم نے ایک ساتھ بہت اچھا وقت گزارا تھا۔ لیکن میں افسوس اور ماتم نہیں کرتی کیونکہ پیچھے جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔‘

کہا جاتا ہے کہ روی شاستری نے امرتا کو شادی کے لیے پروپوز بھی کیا تھا لیکن ان کی شرط یہ تھی کہ امرتا فلم سے کنارہ کشی اختیار کریں لیکن اس وقت امرتا اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں اس لیے بات نہ بن سکی۔

فلم ’بٹوارہ‘ کے سیٹ پر ونود کھنہ سے امرتا کی ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت ونود کھنہ اپنی بیوی سے الگ ہو چکے تھے اور دونوں میں قربت بڑھی اور دونوں شادی کے لیے تیار تھے لیکن امرتا کی والدہ اس کے خلاف تھیں۔ انڈین میڈیا میں ایسی خبریں شائع ہوئیں کہ امرتا سنگھ کی والدہ کی خواہش تھی کہ ان کی بیٹی کسی مسلمان سے شادی کریں اور پھر امرتا کی زندگی میں سیف آئے اور ان کی شادی تقریبا 14 سال چلی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More