انڈیا کے خلاف میچ کے بارے میں ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی، نسیم شاہ

اردو نیوز  |  Feb 10, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے خلاف میچ کے بارے میں ابھی تک ٹیم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ سارے کھلاڑیوں کی پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلنے پر توجہ ہے۔

پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ ’سچ بتاؤں تو ابھی تک ٹیم میں کوئی ایسی ڈسکشن نہیں ہوئی کہ انڈیا کے خلاف کیا کرنا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’جتنے بھی کھلاڑی ہیں سب کا فوکس ہے کہ ہم پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کیسے کھیلیں اور کس طرح ہم فائنل میں پہنچ کر اسے جیتیں۔‘

فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’انڈیا کے خلاف پریشر میچ ہے۔ اُس میں جو جتنا پریشر کو برداشت کرے گا وہ ہی جیتے گا۔‘

نسیم شاہ نے مزید کہا کہ ’2021 سے لے کر جتنے بھی میچ ہوئے ہیں وہ کافی کلوز گئے ہیں۔ بالکل ایسے لگتا ہے کہ ہمارے ہاتھ میں میچز ہوتے ہیں لیکن کچھ غلطیوں کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل جاتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے بولرز نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں زبردست بولنگ کی ہے۔ ایک آدھے میچ سے آپ سیکھتے ہیں۔ میرے خیال سے میرا پورا یقین ہے کہ ہم بطور بولنگ یونٹ اچھا کھیلیں گے۔‘

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم سہ ملکی سیریز میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے۔

سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پاکستان اپنا اگلا میچ 12 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔

روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More