بچوں کی پیدائش کے بعد وزن کیسے کم کیا؟ ایمن اور منال خان کے موٹاپے سے تنگ لڑکیوں کے لئے آزمائے ہوئے مشورے

ہماری ویب  |  Mar 14, 2025

"ہمارا شروع ہی سے وزن زیادہ تھا، موٹاپا ہماری جین میں موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمیں ہر وقت وزن بڑھنے سے متعلق چوکنا رہنا پڑتا ہے۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین جڑواں بہنیں، ایمن اور منال خان، جو اپنی خوبصورتی اور اسمارٹ فزیک کے لیے پہچانی جاتی ہیں، حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مداحوں کے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیا—بچوں کی پیدائش کے بعد وزن کم کیسے کیا؟

ایمن خان نے اپنی کہانی سناتے ہوئے کہا، "پہلی پریگنینسی کے دوران اور بعد میں میرا وزن بہت زیادہ بڑھ گیا تھا، مگر جب میں نے طرزِ زندگی میں تبدیلی کی تو حیرت انگیز فرق محسوس ہوا۔" ان کے مطابق، وزن کم کرنے کے لیے کسی جادوئی ترکیب کی ضرورت نہیں بلکہ مستقل مزاجی سب سے زیادہ اہم ہے۔

منال خان نے اس موقع پر ہر لڑکی کو نصیحت کرتے ہوئے کہا، "وزن میں کمی کے لیے کچھ نہ کچھ لازمی کریں، کم از کم دن میں 20 منٹ نکالیں اور ورزش کریں، چاہے بیٹھے بیٹھے ہاتھ پاؤں ہی کیوں نہ ہلائیں، مگر خود کو متحرک ضرور رکھیں۔"

دونوں بہنوں نے مزید بتایا کہ وزن کم کرنے کے لیے انہوں نے میٹھی اشیاء کو مکمل طور پر ترک کر دیا اور جنک فوڈ جیسے پیزا، برگر کو اپنی زندگی سے نکال دیا۔ ان کے بقول، "اگر آپ صحت مند اور فٹ رہنا چاہتے ہیں تو ان چیزوں کو الوداع کہنا ہی بہتر ہے۔"

یہ انکشاف بھی حیران کن تھا کہ ایمن اور منال نے وزن کم کرنے کے لیے کسی جم کا سہارا نہیں لیا۔ "ہم نے کوئی جم جوائن نہیں کیا، بلکہ گھر پر ایک ساتھ ٹریننگ کی، غذا میں اعتدال اور ورزش ہماری فٹنس کا سب سے بڑا راز ہے،" انہوں نے خوشگوار لہجے میں بتایا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ان جڑواں بہنوں نے اپنے وزن میں کمی کے بارے میں بات کی ہو۔ اس سے قبل ایک پوڈکاسٹ میں بھی انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور غذا میں توازن رکھنے کو اپنی فٹنس کا بنیادی اصول قرار دیا تھا۔ ان کا ماننا ہے کہ وزن کم کرنا ایک مستقل عمل ہے، جس میں صبر اور مستقل مزاجی سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More