بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان صرف اپنی شاندار اداکاری ہی نہیں، بلکہ منفرد فیشن سینس کے باعث بھی ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔ اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب وہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (IIFA) 2025 میں شرکت کے لیے جلوہ گر ہوئے۔
اداکار نے تقریب میں سیاہ لباس کے ساتھ ایسا شاندار ہیرے کا ہار پہنا کہ دیکھنے والوں کی نظریں وہیں جم گئیں۔ ان کی چمکتی ہوئی موجودگی نے ریڈ کارپٹ پر نہ صرف چار چاند لگا دیے بلکہ ان کے اسٹائل نے مداحوں کو بھی دیوانہ بنا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ کے اس قیمتی ہار کی قیمت 50 سے 75 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان ہے، جو اتنی خطیر رقم ہے کہ اس سے بھارت کے مہنگے ترین شہروں میں سے ایک، نوائیڈا میں دو لگژری اپارٹمنٹس خریدے جا سکتے ہیں!
یہ شاہکار زیور معروف لیسٹا کمپنی کی تخلیق ہے، جس میں چمکتے دمکتے ہیروں کے ساتھ سفید سونے کا بھی حسین امتزاج شامل ہے۔ فیشن کے معاملے میں ہمیشہ سبقت لے جانے والے شاہ رخ خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف اداکاری کے بادشاہ ہیں بلکہ اسٹائل کے بھی بے تاج سلطان ہیں!