انڈیا کے دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد سٹار کرکٹر وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ اب وہ ممکنہ طور پر آسٹریلیا کرکٹ کھیلنے نہیں آئیں گے۔
اس سے قبل وہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ان کے متعلق یہ خبر عام رہی کہ وہ ون ڈے کرکٹ سے بھی دستبردار ہو جائیں گے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وراٹ کوہلی نے ان تمام خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
وراٹ کوہلی نے گزشتہ برس نومبر میں پرتھ ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی میچ میں ناقابل شکست سینچری بنا کر اپنی خراب پرفارمنس کا سلسلہ روکا تھا لیکن اس کے بعد انہیں پچ پر پھر سے مشکلات کا سامنا رہا۔
وہ سیریز میں 13 اعشاریہ 37 کی ایوریج کے ساتھ 190 رنز ہی بنا سکے۔
’آر سی بی انویشن لیب انڈین سپورٹس سمٹ‘ میں سنیچر کو گفتگو کرتے ہوئے 36 سالہ وراٹ کوہلی نے کہا کہ کرکٹ میں یہ خراب پرفارمنس کے بارے میں انہیں 2014 میں انگلینڈ میں ان کے مایوس کن دورے کی طرح محسوس ہوتا ہے، جہاں انہوں نے 134 رنز بنائے تھے۔
وہ کہتے ہیں ’اگر آپ مجھ سے پوچھیں کہ کتنی مایوسی ہوئی ہے، تو حالیہ آسٹریلیا کا دورہ سب سے زیادہ تازہ ہے، تو یہ شاید سب سے زیادہ شدت سے محسوس ہو گا۔‘
چیمپئنز ٹرافی کے بعد وراٹ کوہلی کی ریٹائرمنٹ کی خبریں عام تھیں (فوٹو: گیٹی)
’کافی عرصے تک 2014 میں انگلینڈ کا دورہ مجھے سب سے زیادہ پریشان کرتا رہا، لیکن میں اسے اس طرح نہیں دیکھ سکتا۔ ہو سکتا ہے کہ مجھے اگلے چار برسوں میں آسٹریلیا کا دوبارہ دورہ کرنے کا موقع نہ ملے، مجھے نہیں معلوم، آپ کو جو کچھ بھی زندگی میں ہوتا ہے اس کے ساتھ رہنا پرٹا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں کسی ایچیومنٹ کے لیے نہیں کھیلتا، یہ سب کچھ خالص خوشی اور کھیل کے لیے محبت پر منحصر ہے۔ جب تک کھیل کے ساتھ وہ محبت قائم ہے، میں کھیلتا رہوں گا۔ مجھے اس بات میں خود سے دیانت دار ہونا پڑتا ہے۔‘
انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’گھبرائیں نہیں، میں ریٹائرمنٹ کا کوئی اعلان نہیں کر رہا ہوں، فی الحال سب کچھ ٹھیک ہے۔‘