’رمضان میں شراب نوشی‘، وائرل ویڈیو پر رضا مراد کا ردعمل آ گیا

اردو نیوز  |  Mar 20, 2025

رمضان کے دوران شراب پینے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سینیئر بالی وڈ اداکار رضا مراد کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے تاہم اب اداکار نے ردعمل کا اظہار کر دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں رضامراد کسی محفل میں گلاس ہاتھ میں تھامے کچھ پی رہے ہیں، جس پر بعض صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں یہ سب کچھ کسی طور مناسب نہیں۔

اس کے بعد ویڈیو مزید وائرل ہوتی گئی، کچھ صارفین نے رضا مراد کا ساتھ بھی دیا تاہم یہ معاملہ تھمنے میں نہیں آ رہا تھا۔

تاہم اب اداکار نے خود آگے بڑھتے ہوئے اس معاملے کی وضاحت کر دی ہے۔

 انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرنے والے ایک صارف کے کمنٹس میں لکھا کہ وہ چند روز پیشتر دہلی میں چھترپورہ کے علاقے میں ایک فلم کی شوٹنگ میں شریک تھے، جس میں ان کے کردار کی سالگرہ کا سین فلمایا گیا، وہ حقیقی سالگرہ نہیں تھی جس کی فوٹیج وائرل ہوئی ہے۔

انہوں نے ہندی میں لکھا کہ ’ایسا مت سوچیں کہ وہاں کوئی برتھ ڈے پارٹی تھی یا پھر کوئی اور خوشی منائی جا رہی تھی۔ یہ ایک فلم کا منظر ہے، جس میں میری سالگرہ منائی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’صورت حال کو جانچے بغیر آپ نے یہ سمجھ لیا کہ وہاں کوئی پارٹی چل رہی ہے۔ میری سالگرہ نومبر میں ہوتی ہے اور اس وقت مارچ چل رہا ہے۔‘

انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ ایسا سوچ سکتے ہیں کہ میں رمضان میں کھلے عام شراب نوشی کروں گا یہ ایک انتہائی غلط بات ہے۔‘

رضا مراد کی اس ویڈیو کو کرن کمار نے انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا جو خود بھی اس وقت رضا مراد کے ساتھ موجود تھے۔

اس کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ‘دوست جتنے پرانے، یاری اتنی ہی سالِڈ، جب آپ اپنے دوستوں کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں تو ریئل اور ریل کا فرق ہٹ جاتا ہے۔‘

رضا مراد بالی وڈ کے ایک سینیئر اداکار ہیں جو تین دہائیوں سے زائد عرصے سے فلموں میں کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں وہ ’کنگ آف دیواگیری، باجی راؤ مستانی، فلوری، پدماوت اور چند دوسری فلموں میں دکھائی دیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More