تیسرا ٹی20: حسن نواز کی تیز ترین سینچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Mar 21, 2025

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں حسن نواز کی ریکارڈ ساز سینچری کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

جمعے کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کا 205 رنز کا ہدف پاکستان نے 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

نیوزی لینڈ ٹور میں ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے وکٹ کپیر اور اوپنر حسن نواز نے سات چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 105رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔

حسن نواز اس کارکردگی کے ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے ٹی20 فارمیٹ میں تیز ترین سینچری کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم میچ کی آخری گیند پر 204 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیمپن 94، مائیکل بریس ویل 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین جبکہ شاہین آفریدی، عباس آفریدی، ابرار احمد نے دو، دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی اننگز

کیویز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا اور پہلے چھ اوورز میں پاکستان کا سکور 74 تک پہنچا دیا۔

پاکستان کو پہلا نقصان اوپنر محمد حارث کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 41 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد اوپنر حسن نواز کا ساتھ دینے کپتان سلمان علی آغا کریز پر اترے جنہوں نے 31 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسن نواز نے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی جو کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے اس فارمیٹ میں تیز ترین سینچری ہے۔ انہوں نے 45 گیندوں پر سات چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کیوی بالرز کی جانب سے واحد وکٹ جیکب ڈفی نے حاصل کی۔

شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اوپنر فلن ایلن آؤٹ ہو گئے، وہ صفر پر یویلین روانہ ہوئے تاہم دوسری وکٹ ک لیے ٹم سیفرٹ اور چیپمین نے 40 رنز کا اضافہ کیا لیکن سیفرٹ 19 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کیویز کی جانب سے مارک چیپمین 94 رنز رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 17، جیمز نیشم تین، مچل ہے نو رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ ڈیرل مچل 17، جیمز نیشم تین، ایش سودھی 10، کپتان مائیکل بریس ویل 31، کائلے جیمیسن صفر، جیکب ڈفی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بین سیئرز سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین جبکہ شاہین آفریدی، عباس آفریدی، ابرار احمد نے دو، دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کا سکواڈ 

مائیکل بریس ویل(کپتان)، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، ایش سودھی، مچل ہے، کائلے جیمیسن، جیکب ڈفی اور بین سیئرز نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں شامل تھے۔

پاکستان کا سکواڈ

سلمان علی آغا(کپتان)، محمد حارث، حسن نواز، محمد عرفان خان، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور حارث رؤف پاکستان کے سکواڈ میں شامل تھے۔

حسن نواز کون ہیں؟حسن نواز کا تعلق صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر لیہ سے ہے۔ وہ 21 اگست 2002 کو پیدا ہوئے یوں ان کی عمر 22 برس بنتی ہے۔

حسن نواز دائیں بازو کے بیٹر اور وکٹ کیپر ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں وہ اوپنر بیٹر کے طور پر کھیلتے ہیں۔

ان کا نام ڈومیسٹک کرکٹ میں اس وقت ابھرا جب نیشنل ٹی20 کپ میں انہوں نے نادرن کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل حسن نواز کشمیر پریمیئر  لیگ (کے پی ایل) میں میرپور رائلز کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ سکور بنانے والے کھلاڑی بنے۔

اس کے بعد حسن نواز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی حصہ لیا۔

حسن نواز کا تعلق صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر لیہ سے ہے (فوٹو: پی سی بی)پی ایس ایل سیزن 8 میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی جبکہ پی ایس ایل سیزن 10 میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیل رہے تھے۔

حسن نواز انٹرنیشل کیریئر کا آغاز پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ سے کرنے جا رہے ہیں، انہیں حال ہی میں پاکستان کے ٹی20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل ڈیبیو سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حسن نواز نے بتایا کہ وہ اپنے علاقے کے پہلے کھلاڑی ہیں جس نے پاکستانی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت خوش ہوں، میں اور میرے والدین اس کامیابی پر فخر محسوس کر رہے ہیں، میں جس علاقے سے تعلق رکھتا ہوں، وہاں سے آج تک ٹیم میں جگہ بنانا تو دور کی بات ہے کسی نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہیں کھیلی۔‘

اپنے پسندیدہ کرکٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے حسن نواز نے بتایا کہ وہ شعیب ملک کو پسند کرتے ہیں اور انہیں دیکھ کر ہی کرکٹ کا آغاز بھی کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز سے حسن نواز نے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More